کراچی(عبدالماجدبھٹی،اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کی پروڈکشن کے دوران سنگین تکنیکی خامیوں کی وجہ سے لاکھوں پاکستانیوں کو تکلیف برداشت کرنا پڑی جس پر ہم شرمندہ ہیں اور شائقین کرکٹ سے معافی چاہتے ہیں۔سرکاری ٹی وی کے پاس ایچ ڈی کوالٹی کے میچ دکھانے کے لئے سیٹلایٹ پر سسٹم موجود نہیں ہے لیکن وہ سسٹم کو اپ گریڈ کریں گے۔ امید ہے کہ پنڈی میں دوسرے مرحلے کے دوران ہماری کوریج توقعات کے مطابق ہوگی۔واضع رہے کہ چار دن سے سوشل میڈیا پر پی سی بی کی کوریج کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔پی سی بی کی تمام کرکٹ تین سال کے لئے سرکاری ٹی وی اسپورٹس دکھائے گا۔پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقا سے تین مزید ماہرین پیر کو پاکستان پہنچ رہے ہیں جس سے گرافکس اور دوسرے تکنیکی معاملات کنٹرول میں آجائیں گے۔پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے جنگ کو انٹر ویو میں اعتراف کیا کہ ابھی تک کی کوریج معیار کے مطابق نہیں ہے ہم اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے مستقبل میں بہتر کوالٹی لانے کی یقین دہانی کراتے ہیں۔وسیم خان نے کہا کہ سرکاری ٹی وی کے پاس سیٹلایٹ پر ایچ ڈی کوالٹی میچ دکھانے کا سسٹم نہیں ہے آج بھی سرکاری ٹی وی ایس ڈی نظام پر چل رہا ہے جبکہ ہماری کوریج ایچ ڈی ہے۔ سرکاری ٹی وی نے اپنے سسٹم کو اپ گریڈ کرنے کا یقین دلایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ33میچوں کے دوارن ابتدائی میچ ہماری بدانتظامی کی وجہ سے شائقین کی توقعات پورا نہیں کر سکے لیکن مستقبل میں گرافکس اور دیگر سسٹم کو اپ گریڈ کرکے ہم اپنی خامیوں کو دور کر لیں گے۔