برسلز(نمائندہ جنگ )پاکستان مسلم لیگ ن بلجیم کے صدر حاجی پرویز اقبال نے کہا ہے کہ حکومتی ترجمان شہباز گل قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف پر نکتہ چینی کرنے سے پہلے اس بات کی وضاحت کریں کہ ان کی حکومت نے انسانی بنیادوں پر ابھی تک کشمیریوں کےلیے کیا سہولتیں فراہم کی ہیں۔بھارت جو کشمیری مسلمانوں کے لئے مقتل گاہ بنا ہوا ہے اور تحریک انصاف کی حکومت بھارت کے لئے تجارتی راہیں ہموار کرنے میں لگی ہوئی ہے ۔پی ٹی آئی والے بتائیں کہ مودی کا یار کون ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کو اس کا جواب دینا پڑے گا ۔انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنے عیب چھپانے کےلیے مسلم لیگ ن کی قیادت پر الزامات کی بوچھاڑ کرکے محض وقت ضائع کررہی ہے جس کا خمیازہ عوام اور ملک کو بھگتنا پڑے گا۔انھوں نے اوورسیز پاکستانیوں سے اپیل کی کہ اس وقت مسلم لیگ ن کا ساتھ دیں جو حقیقی معنوں میں پاکستان کی نمائندہ جماعت ہے اور ترقی کی ضامن ہے۔