جدہ(شاہدنعیم)سعودی عرب نے وزارت صحت سے مل کر عمرہ ویزا کا طریقہ وضع کرنے کا اعلان کیا ہے،تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے نائب وزیر حج عبدالفتاح المشاط نے بیرون مملکت سے آنے والے عمرہ زائرین کے لیے ویزے کے اجرا کے طریقہ کار کی وضاحت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محدود عمرہ پروگرام کے تیسرے مرحلے سے قبل وزارت صحت کے ساتھ تعاون سے بیرون مملکت سے آنے والوں کے لیے عمرہ ویزے کا طریقہ کار جاری کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت صحت کے تعاون سے ہی ان ملکوں کی فہرست ترتیب دی جائے گی جہاں کے شہریوں کے لیے عمرہ ویزے جاری ہوں گے۔ عمرہ زائرین کی تعداد کا تعین بھی وزارت صحت سے مل کر کیا جائے گا۔ نائب وزیر حج کا کہنا تھا کہ عمرہ ویزے کا سارا کام ’اعتمرنا‘ ایپ کے ذریعے ہوگا۔ اعتمرنا ایپ کا دائرہ عمرہ اجازت ناموں کے اجرا تک محدود نہیں رہے گا بلکہ مستقبل میں اس ایپ کے ذریعے ہی مکہ اور مدینہ میں ہوٹل سروس سمیت جملہ خدمات کا تعین کیا جائے گا۔