لاہور (اے پی پی، نمائندہ جنگ) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ مریم نواز کے ٹوئٹر پر 80فیصد فالوورز جعلی ہیں جبکہ مسلم لیگ ن پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ عوام آٹا، چینی، ادویات اور سبزیوں کی قیمتوں پر احتجاج کررہی ہے، فیاض چوہان کو مریم نواز کے ٹویٹر اکائونٹ کی فکر پڑی ہے۔ گزشتہ روز وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ کیلیبری دھاندلی اور جعلی قطری خط کی موجد بیگم صفدر اعوان ٹوئٹر دھاندلی میں بھی سب سے آگے نکلیں، بیگم صفدر اعوان کے ٹوئٹر اکانٹ پر لاکھوں جعلی فالورز اچنبھے کی بات نہیں ، مریم نواز کےفالوورز میں سے 80فیصد فالوورز جعلی ہیں۔ 5.5؍ ملین میں سے تقریباً 5.19؍ ملین فالوورز نے کبھی مریم نواز کے کسی ٹوئٹ کو لائیک نہیں کیا۔ مریم نواز کے 1898؍ فالوورز نے ایک ہی دن ٹوئٹر اکاؤنٹس بنائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیگم صفدر اعوان کے تقریبا ایک ملین فالوورز کا اپنا کوئی فالوور نہیں ہے۔ دھاندلی اور شریف خاندان ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہوچکے ہیں۔ ادھر اپنے بیان میں مسلم لیگ ن پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان نسل مریم نواز کو ٹویٹر پر اپنی پسندیدہ شخصیت سمجھتے ہیں، ٹویٹر پر گالم گلوچ بریگیڈ بھرتی کی گئی ہے جن کو سرکاری خزانے سے تنخواہیں ادا کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا سیل کوسیاسی مخالف خواتین اورخواتین صحافیوں کو ہدف بنانے کا مشن سونپا گیا ہے۔