• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کی تحریک کا حصہ بننا انتشار بڑھاناہے‘ جلیل شرقپوری


کراچی (ٹی وی رپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والے مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی جلیل شرقپوری کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی احتجاجی تحریک کا حصہ بننا انتشار بڑھانے والی بات ہے جبکہ مسلم لیگ (ن)پنجاب کی سیکریٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہاہے کہ جو قائد کے بیانیے کے ساتھ نہیں اس کیلئے پارٹی میں کوئی جگہ نہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیونیوزکے پروگرام جیو پارلیمنٹ میں میزبان ارشد وحید چوہدری سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ( ن) نے ایک بڑ افیصلہ کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی کے پانچ ارکان کو اپنی پارٹی سے نکالنے کا اعلان کیا ہے ، ان پانچ ارکان اسمبلی میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جنہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کی تھی ۔

جیو نیوز پروگرام جیو پارلیمنٹ میں میزبان ارشد وحید چوہدری کا اس حوالے سے تجزیہ پیش کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ کیا ان اراکین کی صوبائی اسمبلی کی رکنیت بھی ختم کرائی جاسکتی ہے ۔اس حوالے سے اپنا موقف پیش کرتے ہوئے رکن پنجاب اسمبلی میاں جلیل شرقپوری کاکہنا تھا کہ اگر مجھے اپنے قائد کا کوئی فیصلہ غیر مناسب لگے گا تو میں اس پر اعتراض کرنے کا حق رکھتا ہوں کیونکہ مجھے لگا کہ اس سے ملک کونقصان ہوسکتا ہے۔

ہم نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو پہلے اعتماد کا ووٹ دیا ہے نہ آئندہ دیں گے‘ میری وزیراعلیٰ سے ملاقات محکمہ اوقاف کے ایک ناجائز نوٹیفکیشن کے سلسلے میں تھی جو حضرت شاہ محمد غوث رحمتہ اللہ علیہ کے مزار کے حوالے سے جاری کیا گیا تھا ۔

میں نے میاں نواز شریف کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا یہ کسی نے غلط طور پر پھیلادیا ہے ۔جو کرنا ہے شیر نے کرنا ہے میں نے کچھ نہیں کرنا۔ صوبائی سیکریٹری اطلاعات مسلم لیگ ن عظمیٰ بخاری نے اس حوالے سے اپنا موقف پیش کرتے ہوئے کہا بات ایک ملاقات کی نہیں بہت ساری ملاقاتوں کی ہے۔

ان پانچ ارکان کو 3مرتبہ شوکاز نوٹس جاری کئے گئے تاہم یہاں اب بات اتنی سادہ نہیں رہی ہے کیونکہ ان ملاقاتوں کو فارورڈ بلاک کا نام دیا جانے لگا ہے‘ ان ملاقاتوں کی وجہ سے پارٹی میں نقب زنی کی کوشش کی جارہی ہے ۔جو نظم و ضبط کی پابندی نہیں کرسکتے اس کے لئے دروازے کھلے ہیں ۔جو قائد کے بیانیے کے ساتھ نہیں اس کے لئے پارٹی میں کوئی جگہ نہیں ۔

تازہ ترین