کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کسٹم انٹیلی جنس کے عملے نے 2 مختلف کارروائیوں میں 12کروڑ روپے مالیت کی چرس اور 6 نان کسٹم پیڈ لگژری گاڑیاں قبضے میں لے لی۔ تفصیلات کے مطابق کسٹم انٹیلی جنس اسمگلنگ کی خفیہ اطلاع پرایک ٹیم تشکیل دی گئی جس نے دیگر عملے کے ہمراہ جلوگیر کے علاقے میں اسمگلنگ کی غرض سے چھپائی گئی 7 سوکلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کر کے قبضے میں لے لی تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ مذکورہ چرس کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 7 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے اسی طرح ٹیم نے نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے خضدار کے علاقے میں 6 لگژری گاڑیاں برآمد کر کے قبضے میں لے لیں جن کی مالیت 5 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے ڈائریکٹر کسٹم انٹیلی جنس سمیع الحق اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر زوہیب احمد نے عملے اور افسران کی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کسٹم انٹیلی جنس کی ٹیم کم وسائل اور افرادی قوت کے باوجود بلوچستان بھر میں سمگلنگ کی روک تھام اور منشیات اور نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں کررہاہے۔