• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مغربی بنگال کے ایک شخص کو اپنے لیے ایسی دلہن کی تلاش ہے جو ’سوشل میڈیا کے استعمال کی عادی نہ ہو‘۔

اس دلچسپ مطالبے پر مبنی اخباری اشتہار کا تراشا دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔

مغربی بنگال کے علاقے کمار پکار سے تعلق رکھنے و الے شخص نے شادی کے اشتہار میں لکھوایا کہ ’مجھے ایسی دلہن کی تلاش ہے جو سوشل میڈیا کی عادی نہ ہو‘۔

آپ سمیت سب سوچ سکتے ہیں کہ ’ آج کل ایسی دلہن کی تلاش قدرے مشکل ہے‘۔

اپنی دلہن میں اس دلچسپ خوبی کے متلاشی نوجوان نے شادی کے لیے اخبار میں اشتہار دیا جو انٹر نیٹ پر وائرل ہوگیا اور ساتھ ہی نئی بحث کا آغاز بھی کردیا ہے۔


ایک سوشل میڈیا صارف نے اس اخباری اشتہار کو اس کیپشن کے ساتھ شیئر کیا کہ’متوقع دولہا اور دلہنیں برائے مہربانی اس طرف توجہ دیں، میچ میکنگ کا معیار اب بدل رہا ہے‘۔

37 سالہ چیٹرجی نامی شخص کی طرف سے دیا گیا یہ اخباری اشتہار 3 نکات پر مبنی ہے، دلہے کی خوبیاں، دلہے والوں کی ڈیمانڈ اور دلہن کیسی ہو؟

چیٹرجی نے بتایا کہ ’میں 5 فٹ 7 انچ قد کا حامل ہوں، یوگا کرتا اور مجھ میں کوئی بھی بری عادت نہیں، خوبصورت اور فیئر ہوں، ہائی کورٹ کے وکیل کے ساتھ محقق بھی ہوں‘۔

اشتہار کے دوسرے حصے میں وکیل نے بتایا کہ ’ہمارے پاس گھر، کار اور والدین موجود ہیں، گھر گاؤں کمارپکار میں ہے، ہماری کوئی ڈیمانڈ نہیں‘ ۔

اشتہار کے تیسرے حصے میں چیٹرجی نے کہا کہ ’دلہن خوبصورت، دراز اور پتلی دبلی ہو لیکن ضروری ہے کہ وہ سوشل میڈیا کے استعمال کی عادی نہ ہو‘۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر زیر گردش اس اشتہار کو اب تک کئی ہزار لوگ لائیک اور متعدد ری ٹوئٹ بھی کرچکے ہیں۔

اس دلچسپ اخباری اشتہار نے جہاں لوگوں کو ہنسنے پر مجبور کردیا ہے، وہیں کئی لوگوں نے ان خصوصیات کی حامل دلہن کی تلاش کو اب ناممکن قرار دیدیا ہے۔

اس پوسٹ پر کئی صارف نے دلچسپ تبصرے کیے، ان میں سے ایک نے لکھا کہ ’بھرتی کے عمل کا سب سے سخت معیار‘۔ دوسرے نےاشتہار کو ’دائمی کنوارہ رہنا مقدر ہے‘۔

تازہ ترین