• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیا 6 ماہ کے بچے سے واٹر اسکیٹنگ کرانا درست ہے؟


امریکی ریاست یوٹا میں 6 ماہ کے بچے ’رچ‘ کے ورلڈ ریکارڈ کی وائرل ویڈیو نے انٹرنیٹ صارفین کی رائے تقسیم کردی ہے۔

ہوا کچھ یوں کہ ’رچ‘ نے گزشتہ ہفتے 6 ماہ کی عمر میں واٹر اسکیٹنگ کی اور دنیا کے کم عمر ترین واٹر اسکیئر کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

سوشل میڈیا پر اس ریکارڈ ہولڈر بچے کی ویڈیو اور تصویر والدین کیزی اور منڈی ہمپفائرز نے شیئر کی۔

انہوں نے ساتھ ہی لکھا کہ ’میں اپنے 6 ماہ پورے ہونے پر اسکیٹنگ پر گیا، جو ایک بڑی بات ہے #ورلڈ ریکارڈ‘۔


سوشل میڈیا صارفین نے اس بچے کی ویڈیو پر مختلف انداز سے اپنی رائے کا اظہار کیا، کچھ نے اسے سراہا تو کچھ نے تنقید کے تیر چلادیے۔

بعض صارفین نے تو چھوٹی سی عمر کے بچے کو اس خطرناک ترین عمل کا حصہ بنانے والے والدین پر آن لائن پابندی کا مطالبہ بھی کردیا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ’رچ‘ نے لائف جیکٹ پہن رکھی ہے اور اسے بار سے اوپر والے بورڈ پر بھی تھاما گیا ہے جبکہ اسے دوسرے رسّے کے ذریعے جھیل پاول کے پار کھینچا گیا۔


دوسری طرف رچ کے والد ایک اور کشتی پر کھڑے ہوکر اپنے بچے کی واٹر اسکیٹنگ پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

رچ کی ویڈیو اور کہانی پر کچھ صارفین نے بچے کی حیرت انگیز صلاحیت کی تعریف کی تو کچھ نے اسے بالکل بھی پسند نہیں کیا۔

ایک صارف نے ویڈیو پر تبصرہ کیا کہ ’مستقبل کا عالمی چیمپئن یہاں موجود ہے‘۔

وہیں ایک صارف نے والدین کے عمل کو آڑے ہاتھوں لیا اور جم کر تنقید کی، اور کہا کہ ’بچے کو بچہ ہی رہنے دیں، سیریسلی، آج کی سوسائٹی کو کیا گیا ہوگیا؟، انٹرنیٹ پر لائیکس لینے کےلیے آپ بچے کا استحصال کررہے ہیں، آپ یقیناً خوش قسمت ہیں کہ کچھ بھی غلط نہیں ہوا‘۔

والدین کو مخاطب کرتے ہوئے ایک صارف نے تو یہاں تک کہہ دیا کہ ’ہاں، آپ ایک بہادر خاندان ہیں، لیکن یہ ٹھیک نہیں ہے‘۔

تازہ ترین