کراچی(صباح نیوز)سندھ ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کو نا اہل قرار دینے کی درخواست پر الیکشن کمیشن کو دو ہفتوں میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔ منگل کو سندھ ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کو نا اہل قرار دینے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ حلیم عادل شیخ نے الیکشن کمیشن میں اپنے ذرائع آمدن چھپائے، گوشواروں میں صاحبزادیوں عائشہ حلیم، مریم حلیم کے اخراجات کا ذکر نہیں۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ حلیم عادل شیخ کے گوشواروں میں نواب شاہ پولٹری کمپلیکس کا بھی ذکر نہیں، ذرائع آمدن اور اثاثے چھپانے پر حلیم عادل شیخ کو نااہل قرار دیا جائے۔ دوران سماعت الیکشن کمیشن کی جانب سے جواب جمع نہ کرانے پر عدالت کا اظہار برہمی کیا۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کو دو ہفتوں میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔