• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ممبئی: دس برس قبل لاپتہ ہونے والا بچہ والدین سے مل گیا

ایک بھارتی نوجوان جو دس برس قبل اپنے والدین سے بچھڑ گیا تھا اپنے رشتہ داروں اور مقامی حکام کی کوششوں سے ایک عشرے بعد اپنے والدین سے مل گیا۔ 

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق 9 مئی 2010 کو فہیم وسیم خان اپنے والدین اور دو بہن بھائیوں کے ساتھ ممبئی سے اپنے آبائی گاؤں ضلع سلطان پور (یوپی) جارہا تھا کہ راستے میں جب ٹرین رکی تو وہ ہاتھ منہ دھونے اور پینے کا پانی لینے ٹرین سے اترا۔

اس دوران اسکے واپس آنے سے قبل ٹرین چل پڑی، آٹھ سالہ فہیم کو صرف یہ معلوم تھا کہ وہ سلطان پور یو پی کا رہنے والا ہے۔ اسکے علاوہ اسے کچھ پتہ نہ تھا، اس امید پر کمسن فہیم روتے ہوئے ایک دوسری ٹرین میں سوار ہوا کہ گھر پہنچ جائےگا جبکہ دوسری جانب اس کے پریشان حال والدین نے بھی اسکی تلاش شروع کردی۔

 گوونڈی میں ٹرانسپورٹ کا کاروبار کرنے والے وسیم کے ماموں امان خان کے مطابق والدین کے نہ ملنے پر حکام نے اسے مقامی چلڈرن ہوم میں پہنچا دیا۔ جبکہ فہیم کے والدین نے اس کے ماموں کے پاس گوونڈی میں ایک ماہ تک قیام کرکے اسکی تلاش جاری رکھی۔

بعدازاں فہیم کے والد جو کہ سعودی عرب میں ملازمت کررہے تھے انھوں نے اپنے خاندان کو سلطان پور سے ممبئی بلالیا۔ اس دوران فہیم، سسٹر امبیکا کے فلاحی ادارے میں مقیم رہا جہاں اسکی تعلیم کا سلسلہ جاری رہا اور اس نے ایس ایس سی امتحان ہولی اسپرٹ کونوینٹ اسکول سے کلیئر کیا۔

دوسری جانب اس کے والدین اسے ناسک اور ممبئی میں تلاش کرتے رہے۔ انھوں نے درگاہوں، اسپتالوں اور مردہ خانوں سمیت ہر جگہ چھان ماری۔ لیکن وہ نہ ملا، فہیم نے تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ فٹبال اور باسکٹ بال میں کافی مہارت حاصل کی۔ 

فہیم اب جبکہ 19 برس کا ہوچکا تھا، جس کے بعد یکم ستمبر کو اسے چلڈرن ہوم سے اسکے والدین تک پہنچانے کا قصد کیا گیا اور سلطان پور کے حکام سے رابطہ کیا گیا جنھوں نے پولیس، سماجی کارکنوں اور میڈیا کے ذریعے فہیم کے والدین کا پتہ لگایا اور اسے اسکے والدین کے حوالے کردیا۔

اسکی بہن اور والدہ اس موقع کافی جذباتی تھے۔ فہیم کے کہنا ہے کہ اب وہ قومی سطح پر فٹبال کھیلے گا۔

تازہ ترین