• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب میں بچے، ماں بیٹی اور گونگی لڑکی سے زیادتی، ملزمان گرفتار

پنجاب کے مختلف شہروں میں ایک بچے، ماں بیٹی اور ایک گونگی لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے، تمام واقعات میں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

بہاولپور کے علاقے سراج پور میں 4 سال کے بچے کے ساتھ زیادتی کی گئی، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے بچے کو اسپتال منتقل کر دیا ہے جہاں اس کا چیک اپ کیا جائے گا۔

گرفتار ملزم بچے کے گھر پر ملازم تھا، پولیس نے زیادتی کے ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ہے۔

ادھر لاہور میں فیکٹری ایریا کے علاقے پنجاب سوسائٹی میں ماں بیٹی سے مبینہ زیادتی کی گئی جس کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

متعلقہ تھانے میں درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق میلسی ضلع وہاڑی کی رہائشی خاتون نے الزام عائد کیا ہے کہ عبدالرزاق نامی شخص اُسے اور اس کی 13 سالہ بیٹی کو ورغلا کر لاہور لایا تھا۔

خاتون کے مطابق ملزم دونوں ماں بیٹی کو گن پوائنٹ پر زیادتی کا نشانہ بناتا رہا ہے۔

پولیس نے ملزم عبدالرزاق کے خلاف ماں بیٹی سے زیادتی کا مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا ہے۔

دوسری جانب ساہیوال میں گونگی بہری لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے جس کا ڈی پی او امیر تیمور خان نے نوٹس لے لیا۔


پولیس ترجمان کے مطابق گونگی بہری لڑکی سے زیادتی کے ملزم ابوبکر کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ 65 جی ڈی میں 3 روز قبل ملزم نے گھر میں داخل ہو کر لڑکی سے زیادتی کی تھی۔

پولیس ترجمان کے مطابق ملزم کا ڈی این اے ٹیسٹ کروا لیا گیا ہے۔

ڈی پی او امیر تیمور خان کے مطابق ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد اکٹھے کیئے جائیں گے تاکہ اسے قرار واقعی سزا دلوائی جاسکے۔

تازہ ترین