• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عرفان خان کی اہلیہ نے ’بیوہ‘ ہونے کا درد بتادیا

بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار عرفان خان کی موت کو 5 ماہ سے زیادہ کا وقت ہوچکا ہے لیکن جیسے جیسے وقت گزر رہا ہے اُن کی اہلیہ ستاپا کے لیے اکیلے وقت گزارنا کافی مشکل ہوگیا ہے، انہوں نےکئی مرتبہ عرفان خان کو یاد کر کے سوشل میڈیا پر جذباتی پوسٹ شیئر کیے ہیں۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ستاپا سکدر نے اپنے شوہر عرفان خان کی لال گلاب سے سجی قبر کی ایک تصویر شیئر کی ہے اور ساتھ ہی انہوں نے ایک بیوہ کے درد کو بھی بیان کیا ہے کہ بیوہ ہو کر اکیلے زندگی گزارنا کتنا مشکل ہوتا ہے۔


انسٹاگرام پر شیئر کردہ تصویر کے ساتھ کیپشن میں ستاپا نے نوبل انعام یافتہ مصنف ’لوئس‘ کی شاعری کے کچھ اشعار لکھے ہیں جس میں ایک بیوہ کے درد اور اس کے دل کی حالت کا ذکر کیا گیا ہے۔

ستاپا کا کیپشن کچھ یوں ہے:

میں ہر روز آپ کو کچھ بتاوں گی
لوگ مر رہے ہیں اور یہ صرف شروعات ہے
ہر دن، گھروں میں، نئی بیواؤں کا جنم ہوتا ہے
نئے یتیم، وہ ہاتھ جوڑ کر بیٹھے ہوئے ہیں اور
اس نئی زندگی کے بارے میں فیصلہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں،


پھر وہ قبرستان میں ہوتے ہیں، ان میں سے کچھ پہلی بار
وہ رونے سے ڈرتے ہیں اور کبھی رونے سے نہیں ڈرتے
کوئی اُنہیں سہارا دے کر یہ بتاتا ہے کہ آگے کیا کرنا ہے


پھر کھلی قبر میں مٹی پھینکنے کے بعد سب اپنے گھروں کو چلے جاتے ہیں
اچانک گھر تعزیت کے لیے آنے والوں سے بھرجاتا ہے
بیوہ صوفے پر بیٹھی ہوتی ہے، لوگ لائن میں لگے ہوتے ہیں
کبھی اس کا ہاتھ تھامتے ہیں، کبھی گلے لگاتے ہیں
وہ ہر ایک سے کہنے کے لیے کچھ سوچتی ہے


اُن کا شکریہ ادا کرتی ہے، اُن کے آنے کا شکریہ ادا کرتی ہے
وہ دل میں چاہتی ہے کہ یہ لوگ چلے جائیں
اور وہ واپس قبرستان جاکر قبر پر بیٹھنا چاہتی ہے
واپس اُس بیماری والے کمرے میں، اسپتال میں جانا چاہتی ہے
وہ جانتی ہے یہ ممکن نہیں ہے لیکن یہ اس کی واحد اُمید ہے
اور واپس پیچھے جانے کی خواہش ہے۔

عرفان خان کی اہلیہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر یہ پوسٹ 18 گھنٹے قبل شیئر کی تھی،جسے اب تک ہزاروں مداح لائیک کرچکے ہیں جبکہ اس پر صارفین کی جانب سے تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔  

تازہ ترین