• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اور کتنی سڑکوں پر تنہا چلنا ہوگا؟ اہلیہ عرفان خان

رواں سال 29 اپریل کو اِس دنیا سے رخصت ہونے والے بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار عرفان خان کی اہلیہ سُتاپا سکدر کی جانب سے شوہر کی یاد میں ایک جذباتی پیغام سامنے آیا ہے۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر عرفان خان کی اہلیہ سُتاپا سکدر نے اپنی ایک تصویر پوسٹ کی جو اُن کا کلوز اپ شاٹ ہے اور اُنہوں نے کالا چشمہ بھی لگایا ہوا ہے جبکہ تصویر دیکھ کر ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ شاید وہ تصویر عرفان خان نے کھینچی تھی۔


تصویر شیئر کرتے ہوئے سُتاپا سکدر نے اپنے شوہر عرفان خان کو یاد کرتے ہوئے اُن کے لیے ایک جذباتی پیغام بھی لکھا۔

سُتاپا سکدر نے لکھا کہ ’میں مُڑ کر اُس دُنیا کو دیکھتی ہوں کہ جب زندگی سفید اور سیاہ کے بجائے رنگین تھی۔‘

اُنہوں نے عرفان خان سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’میں آج بھی وہ لمحہ محسوس کر سکتی ہوں کہ جب آپ کی آنکھوں پر چشمہ ہوتا تھا اور آپ گردن میں کیمرہ لٹکائے کھڑے ہوئے میری تصویر لے رہے تھے۔‘

یہ بھی پڑھیے: عرفان خان کی موت کے بعد اہلیہ کا جذباتی پیغام

عرفان خان کی اہلیہ نے جذباتی ہوتے ہوئے لکھا کہ ’عرفان میرے ہمسفر میں آپ کو ہمیشہ یاد کروں گی۔‘

اُنہوں نے سوالیہ انداز میں لکھا کہ ’آخر اور کتنے میل کی دوری ہے اور مجھے کتنی سڑکوں پر تنہا چلنا ہوگا؟‘

واضح رہے کہ رواں سال 29 اپریل کو ورسٹائل اداکار عرفان خان 53 سال کی عمر میں کولون انفیکشن کے باعث انتقال کر گئے تھے۔

عرفان خان کے لواحقین میں اہلیہ اور دو بیٹے ایان اور بابیل شامل ہیں۔

تازہ ترین