وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار سے وفاقی وزرا کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی، ملاقات میں اپوزیشن کو فری ہینڈ دینے اور احتجاجی جلسوں پر مریم نواز کی گرفتاری عمل میں نہ لانے کی تجویز دی گئی۔
ملاقات میں اپوزیشن کو احتجاجی سرگرمیوں کے لیے اجازت کے معاملے پر بھی مشاورت کی گئی۔
وزیراعلی پنجاب سے وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی، اسد عمر، فواد چودھری، شفقت محمود اور شہزاد اکبر سمیت دیگر نے ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں کوئی غیر جمہوری اقدام نہ اٹھانے پر اتفاق کیا گیا، بعض شخصیات نے کورونا خدشات کے پیش نظر جلسوں کی اجازت سے گریز کی تجویز دی۔
ملاقات میں شرکاء نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں کورونا کے باعث بڑے اجتماعات سے گریز کریں، تحریک انصاف خود بھی بڑے اجتماعات نہ کرے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ اپنا بیانیہ اجاگر کر کے اپوزیشن کو بےنقاب کیا جائے۔