• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مولانا عادل کی شہادت پر سیاسی اور مذہبی رہنماؤں کی مذمت


سیاسی اور مذہبی رہنماؤں نے وفاق المدارس کے سربراہ مولانا سلیم ﷲ خان کے صاحبزادے مولانا ڈاکٹر عادل خان کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا ہےکہ مولانا عادل اور ڈرائیور کی شہادت دشمنان وطن و دین کی بزدلانہ کوشش ہے۔ حملہ آوروں کو گرفتار کر کے نشان عبرت بنایا جائے گا۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ مولانا عادل خان بڑے عالم دین تھے، محب وطن پاکستانی، خوش اخلاق اور ملنسار دوست سے محروم ہوگئے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے ڈاکٹر عادل کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

ادھر جمعیت علمائے اسلام سندھ کے سیکریٹری جنرل مولانا راشد سومرو نے کہا ہے کہ مولانا عادل جید عالم اور امت مسلمہ کا قابل فخر سرمایہ تھے۔

جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم نے کہا کہ مولانا عادل کے قتل کا مقصد فرقہ واریت کو ہوا دینا ہے۔

مجلس وحدت مسلمین کے سیکریٹری علامہ باقر عباس نے کہا کہ مولانا عادل کا قتل شہر کا امن تباہ کرنے کی سازش ہے، سندھ حکومت واقعے میں ملوث دہشت گردوں کو فوری گرفتار کرے۔

سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل علامہ عارف حسین واحدی نے بھی مولانا عادل خان کے قتل کی مذمت کی ہے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق اور رہنما جمعیت علمائے اسلام قاری محمد عثمان نے بھی مولانا عادل کے قتل کی مذمت کی ہے۔

واضح رہے کہ وفاق المدارس کے سربراہ مولانا سلیم ﷲ خان کے صاحبزادے مولانا ڈاکٹر عادل خان مہتمم جامعہ فاروقیہ کراچی و رکن مجلس عاملہ وفاق المدارس العربیہ پاکستان اور ان کے ساتھی گزشتہ روز شاہ فیصل کالونی میں قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔

تازہ ترین