• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ناشتے میں انڈے کے استعمال کے فوائد

سُپر فوڈ میں شمار کیے جانے والے انڈے کو ایک مکمل غذا قرار دیا جاتا ہے جس کے استعمال کے صحت پر بے شمار فوائد مرتب ہوتے ہیں۔

غذائی ماہرین کے مطابق انڈے میں  پروٹین، آئرن، امینو ایسڈز اور اینٹی آکسیڈنٹس بھرپور مقدار میں پائے جاتے ہیں، ماہرین کے جانب سے انڈے کو روزانہ کی بنیاد پر اپنی غذا میں شامل کرنا تجویز کیا جاتا ہے۔

امریکی یونیورسٹی کنیٹیکٹ کے پروفیسر کرسٹوفر بلیسو کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر دو انڈوں کا اپنی غزا میں استعمال کرنے سے 12 گرام پروٹین سمیت وٹامن اے، ڈی، بی، آئیوڈین اور دیگر اجزا بھی حاصل ہوتے ہیں۔

انڈہ کھانے سے وٹامنز جذب کرنے کی صلاحیت بڑھ جاتی ہے، ایک تحقیق سے حاصل ہونے والے نتائج کے مطابق سبزیوں یا سلاد کے ساتھ اگر ایک انڈہ ملا کر کھا لیا جائے تو سلاد میں موجود وٹامن ای کی مقدار بڑھ جاتی ہے اور دیگر وٹامنز اور منرلز بہتر طور پر خون میں جزب ہوتے ہیں۔

دن کی پہلی غذا یعنی ناشتے میں اگر انڈے شامل کر لیے جائیں تو اس کے صحت پر بے شمار مثبت فوائد مرتب ہوتے ہیں جن میں سے چند مندرجہ ذیل ہیں۔

بڑھاپے کے اثرات سے بچاؤ

انڈوں کے روزانہ کے استعمال سے انسان جَلد بوڑھا نہیں ہوتا، انڈہ جِلد اور آنکھوں کے گرد آنے والی جھڑیوں کو کم کرتا ہےجس کے نتیجے میں  جلد جھڑیوں سے طویل عمری تک پاک رہتی ہے۔

ہڈیوں کے لیے مفید

وٹامن ڈی سے بھرپور ایک انڈے میں 20 ملی گرام فاسفورس اور 45 ملی گرام کیلشیئم پایا جاتا ہے، جو ہڈیوں اور دانتوں کو مضبوط رکھتا ہے۔

دوسری جانب وٹامن ڈی سے بھرپور ہونے کے ناطے انڈے کیلشیئم کو جسم میں بہتر طریقے سے جذب کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

دماغ کو تحفظ

کولین پر مبنی  ’فاسفولپِڈز‘ نامی جز دماغی خلیات کے درمیان معمول کے ابلاغ کو بہتر بناتا ہے، ایک طبی تحقیق کے مطابق کولین کا حصول دماغی صحت کے لیے بہت ضروری ہے، اگر روزانہ کی بنیاد پر ناشتے میں دو انڈے کھا لیے جائیں تو انسانی جسم کو یہ جز مناسب مقدار میں حاصل ہو جاتا ہے۔

دماغ کے لیے ضروری جز کولین کینسر کا خطرہ بھی کم کرتا ہے، خصوصاً خواتین کو چھوٹی عمر سے ہی سے انڈوں کا روزانہ استعمال تجویز کیا جاتا ہے، انڈوں کے استعمال سے خواتین میں بریسٹ کینسر کا خطرہ 18 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔

بینائی کی بہتری میں معاون

تحقیق کے مطابق انڈے لیوٹین نامی جز سے بھرپور ہوتے ہیں، یہ جز بینائی کو درست رکھنے کا ذمہ دار ہوتا ہے جبکہ اس کی کمی آنکھوں کے ٹشوز میں تباہ کن تبدیلیاں لاتی ہے اور بینائی کو ناقابل نقصان پہنچ سکتا ہے۔

جلد، بالوں اور جگر کے لیے بہترین

سپر فوڈ انڈے میں موجود بائیوٹن، وٹامن بی 12 اور دیگر پروٹینز بالوں اور جلد کی صحت اور  خوبصورتی میں کردار ادا کرتے ہیں، اسی طرح انڈے کو غذا میں شامل کر لینے سے جگر سے زہریلے مواد کے اخراج کے عمل میں تیزی آتی ہے۔

انڈے کا استعمال امراض قلب کا خطرہ کم کرتا ہے

انڈوں سے متعلق موجود غلط فہمیوں پر کی گئی تحقیق کے نتیجے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ انڈوں میں موجود کولیسٹرول صحت کے لیے نقصان دہ نہیں جبکہ اس میں موجود اومیگا تھری فیٹی اسیڈز ’ٹرائی گلائیسرائیڈز‘ کی سطح میں کمی لاتا ہے جس کے سبب خون کی شریانوں سے جڑے مسائل جیسے امراض قلب وغیرہ کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

انڈے اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہیں

انڈےمیں موجود اینٹی آکسیڈنٹس انسانی جسم میں کولیسٹرول کی سطح کو بگڑنے نہیں دیتے جس وجہ سے امراضِ قلب کا خطرہ کم ہو جاتا ہے اور انسانی صحت میں اضافہ ہوتا ہے۔

وزن میں کمی

امریکی تحقیق کے مطابق انڈوں کے ساتھ ناشتے میں کم کیلوری والی غذا کا اگر استعمال کر لیا جائے تو جسمانی وزن میں دوگنا تیزی سے کمی آتی ہے، وزن میں کمی کے خواہشمند افراد انڈوں کو اپنی ڈائیٹ کا حصہ بنا سکتے ہیں۔

انڈے پکانے کا زیادہ فائدہ مند طریقہ کونسا ہے ؟

انڈوں کو پکانے کے متعدد طریقے ہیں، یہ غذا کھانے میں جیسے آسان لگے ویسے کی استعمال کی جا سکتی ہے جیسے کہ ہارڈ بوائل، سافٹ بوائل، آملیٹ، ہاف فرائی یا فرائی ۔

انڈہ ہمیشہ مکمل کھانا چاہیے، مکمل انڈہ کھانے پر تمام فوائد حاصل ہو تے ہیں جبکہ اگر آملیٹ کی شکل میں اس میں سبزیوں کا اضافہ بھی کر لیا جائے تو اس کے فوائد مزید بڑھ جاتے ہیں۔

تازہ ترین