• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان انٹرنیشنل کرکٹ کی میزبانی سے محروم، زمبابوے کیخلاف ون ڈے پنڈی، ٹی 20 میچز لاہور منتقل

کراچی (سٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملتان کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مسائل کی وجہ سے زمبابوے سیریز کے ملتان میں ہونے والے میچ راولپنڈی منتقل کردیئے ہیں جبکہ لاہور میں ٹی 20 انٹر نیشنل کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اتوار کو زمبابوے کرکٹ کے وفد نے لاہور میں پی سی بی سی ای او وسیم خان اور ڈائریکٹر ذاکر خان سے میٹنگ کی جس کے چند گھنٹے بعد پی سی بی نے زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا نیا شیڈول جاری کردیا ہے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ ہم نومبر میں لاہور شہر میں متوقع اسموگ کی صورتحال سے متعلق محکمہ موسمیات سے مسلسل رابطے میں رہیں گے اور اگر اس دوران کسی تبدیلی کی ضرورت پیش آئی تو اس پر غور کیا جائے گا۔ ذاکر خان نے کہا کہ راولپنڈی کی دستیابی سے واضح ہوتا ہے کہ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ کے میچوں کے انعقاد سے متعلق کوئی غیر یقینی نہیں اور پاکستان کوشش کرے گا وہ لیگ کا فاتحانہ آغاز کرکے زیادہ سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرسکے۔ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں پاکستان اپنے سفر کا آغاز راولپنڈی سے کرے گا۔ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان3ون ڈے میچز 30اکتوبر، یکم اور 3نومبر کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ یہ تینوں میچز ابتدائی طور پر ملتان میں شیڈول تھے تاہم لاجسٹک اور آپریشنل وجوہات کی بناء پر انہیں راولپنڈی منتقل کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب راولپنڈی میں شیڈول تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز کی میزبانی اب لاہور کے سپرد کردی گئی ہے۔ یہ میچز 7، 8اور 10نومبر کو اب قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان کا کہنا ہے کہ لاجسٹک اور آپریشنل وجوہات کے سبب ملتان کا وینیو دستیاب نہیں تھا، لہٰذا ہم نے سیریز کے شیڈول کا دوبارہ جائزہ لیا اور ایک ایسا شیڈول ترتیب دیا ہے جو دونوں ٹیموں، میچ آفیشلز، براڈکاسٹرز اور دیگر متعلقہ حکام کے لیے موزوں ہے۔ اس سے قبل زمبابوے کی ٹیم نے آخری بار2015میں پاکستان کا دورہ کیا تھا، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان 3ایک روزہ اور 2ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گئے تھے۔ اس دورے کے بعد سری لنکا، بنگلہ دیش اور ایم سی سی کرکٹ ٹیموں نے بھی پاکستان میں مختلف طرز کی کرکٹ کے میچز کھیلے۔ اس کے ساتھ ساتھ پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے اب تک کھیلے گئے تمام میچز کی میزبانی بھی پاکستان میں ہی کی۔ ایونٹ کے بقیہ چاروں میچز اب 14، 15 اور 17 نومبر کو لاہور میں شیڈول ہیں۔

تازہ ترین