لاہور (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ مولانا عادل خان کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے گا، ملک کے اندر دہشت گردی اور انتہا پسندی پھیلانے والے عناصر کا محاسبہ کرینگے۔ پاکستان دشمن قوتیں ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کروانے کی سازشیں کررہی ہیں۔ یہ بات انہوں نے چیئرمین پاکستان علماء کونسل و معاون خصوصی وزیراعظم حافظ محمد طاہر محمود اشرفی سے ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا مولانا عادل خان کا قتل افسوسناک اور قابل مذمت ہے، وہ ایک عظیم عالم دین تھے، ان کی اسلام اور مسلمانوں کیلئے خدمات قابل قدر تھیں۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ مولانا عادل خان کے قاتل فوری گرفتار کیے جائیں اور جن مجرموں نے محرم سے قبل ملک میں توہین و تکفیر کی ہے ان کو گرفتار کیا جانا چاہیے۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے وفاقی وزیر داخلہ کو ملک میں انٹرفیتھ ہارمنی کونسل کے قیام کے سلسلہ میں آگاہ کیا اور وفاقی وزارت داخلہ کو مکمل تعاون کا یقین دلایا۔