کاک اسٹوڈیو سے شہرت پانے والی نامور گلوکارہ مومنہ مستحسن نے سوشل میڈیا پر ذہنی صحت کے حوالے سے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ خود کی سُنیں اور اپنے احساسات کو نظر انداز نہ کریں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر مومنہ مستحسن نے اپنی ایک تصویر پوسٹ کی ہے جس میں گلوکارہ کی مُسکراہٹ بتا رہی ہے کہ وہ بےحد خوش ہیں۔
انسٹاگرام پر تصویر شیئر کرتے ہوئے مومنہ مستحسن نے کیپشن میں لکھا کہ ’اپنی ذات کی سُنیں اور اپنے احساسات کو نظر انداز کرنے کے بجائے اُن پر توجہ دینے کے لیے اپنی مصروفیت میں سے تھوڑا وقت نکالیں۔‘
مومنہ مستحسن نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’اگر آپ کو کسی مدد کی ضرورت ہے تو اُس سے مدد مانگنے میں کوئی بُرائی یا شرم محسوس نہ کریں اور خود سے کسی کے لیے اپنے دل و دماغ میں منفی سوچ نہ لائیں۔‘
گلوکارہ نے کہا کہ ’اپنے جذبات کی نشاندہی کریں اور اپنی زندگی کا ایک مقصد بنائیں اور پھر اُس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے جدوجہد کریں۔‘
اُنہوں نے مزید کہا کہ ’دوسروں کے ساتھ ویسا ہی نرمی اور ہمدردی کا رویہ اختیار کریں جیسا آپ اپنے لیے پسند کرتے ہیں۔‘
مومنہ مستحسن کے اس معنی خیز پیغام کو مداحوں بہت پسند کر رہے ہیں اور اب تک ایک لاکھ 62 ہزار سے زائد صارفین اُن کی یہ پوسٹ لائک کرچکے ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل نامور اداکار عدنان صدیقی نے ذہنی صحت کے عالمی دن کے موقع پر مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ایک خصوصی پیغام جاری کیا تھا۔
عدنان صدیقی نے اپنے ٹوئٹ میں ہیش ٹیگ WorldMentalHealthDay2020 استعمال کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’اس میں کوئی بُرائی یا پریشانی کی بات نہیں کہ کبھی ہم کسی وجہ سے مایوس ہوجاتے ہیں اور پھر خود کو سُست محسوس کرتے ہیں۔‘
عدنان صدیقی نے رواں سال دُنیا بھر میں آنے والی مشکلات کو یاد کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’یہ سال ہم سب کے لیے کافی مشکل رہا ہے، اس لیے سب کے ساتھ نرمی کا رویہ اختیار کریں، ایک دوسرے کو ہمت دیں اور حوصلہ افزائی کریں۔‘