پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کو ایک کے بعد ایک ہٹ اور کامیاب ڈرامے دینے والی اداکارہ یمنیٰ زیدی نے نیا روپ اپنا کر تصویریں سوشل میڈیا پر شیئر کردی ہیں۔
جیو انٹرٹینمنٹ کے مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’رازِ اُلفت‘ میں مُشک کا مرکزی کردار نبھانے والی خوبرو اور باصلاحیت اداکارہ یمنیٰ زیدی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی نئی تصویر یں پوسٹ کی ہیں۔
یمنیٰ زیدی کی جانب سے پوسٹ کی جانے والی تصویروں میں اُنہوں نے مغربی طرز کا لباس زیب تن کیا ہوا ہے جبکہ اُن کا ہیئر اسٹائل اور میک اپ اداکارہ کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کر رہا ہے۔
اداکارہ کی یہ تصویریں بنا کسی کیپشن کے انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئی ہیں اور اس کے باوجود بھی صارفین کی جانب سے اُن کی پوسٹ پر تعریفی تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔
یمنیٰ زیدی کی تصویروں کو لائک کرتے ہوئے اُن کے ساتھی اداکار شہزاد شیخ نے دلچسپ کمنٹ کرتے ہوئے سوالیہ انداز میں لکھا کہ ’مُشک تم نے یہ کیا حال بنایا ہوا ہے۔‘
شہزاد شیخ کے سوال پر یمنیٰ زیدی نے جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’میں نے یہ حال اس لیے بنایا ہے کیونکہ یہی تو رازِ اُلفت ہے۔‘
یاد رہے کہ یمنیٰ زیدی سوشل میڈیا پر زیادہ متحرک نظر نہیں آتی ہیں لیکن وہ جب بھی اپنی کوئی تصویر پوسٹ کرتی ہیں تو اُس پر لاکھوں کی تعداد میں لائکس آتے ہیں اور اداکارہ کی اس پوسٹ پر بھی ایک لاکھ سے زائد لائکس آچکے ہیں۔
یمنیٰ زیدی کے کیرئیر کی بات کریں تو وہ پاکستان کے کئی کامیاب ڈراموں میں کام کرچکی ہیں، ان ڈراموں میں ’رازِ اُلفت‘،’عشق زہے نصیب‘، ’ڈر سی جاتی ہے صلہ‘، ’انکار‘، ’تھکن‘ اور ’دل کیا کرے‘ شامل ہیں۔
ڈرامہ ’رازِ اُلفت‘ ٹی وی چینل جیو انٹرٹینمنٹ پر نشر کیا جارہا ہے اور اس ڈرامے میں یمنیٰ زیدی کے ساتھ شہزاد شیخ ’ارتضیٰ‘ کا مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔