• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معید یوسف کا بیان قابل تعریف، دفاعی پوزیشن اختیار نہیں کی، تجزیہ کار

کراچی (ٹی وی رپورٹ)وزیراعظم کے معاون خصوصی معید یوسف نے بھارتی میڈیا کو انٹرویودیتے ہوئے بھارت کی دہشتگردی سے پردہ اٹھا دیا ہے اس حوالے سے جیو کی خصوصی نشریات میں گفتگو کرتے ہوئےسینئر تجزیہ کار سلیم صافی نے کہا کہ معید یوسف کا بیان قابل تعریف ہے کرن تھاپڑ جارحانہ اینکر ہیں لیکن معید یوسف نے دفاعی پوزیشن اختیار نہیں کی اوراُنہیں بہت طریقے سے سنبھالا ۔

معید یوسف نے پاکستان کے مقدمے کو دلائل کے ساتھ بھارتی عوام کے سامنے پیش کیا۔ بھارت خطے میں فساد پھیلانا چاہتا ہے اور معید یوسف نے اس حقیقت کو دوٹوک انداز میں واشگاف کیا ۔کراچی اسٹاک ایکسچینج ،گواد ر ،چینی قونصلیٹ سمیت متعدد حملوں میں بھارتی ایجنسی را ملوث رہی ہے جس پر معید یوسف نے ذمے داری سے با ت کی ۔

مودی کے اقتدار میں آنے کے بعد بھارت کے لوگ بھی تسلیم کرتے ہیں کہ مودی خطے میں تباہی چاہتاہے ۔اجت دوول کے بیانات سامنے ہیں جس میں وہ پاکستان کیخلاف سازشوں کی باتیں کرتے رہے ہیں۔

معید یوسف نے بھارت تک کشمیر یوں کی آوازپہنچائی ہے ،مناسب فورم کو مناسب اندازمیں استعمال کیاگیا ۔بدقسمتی یہ ہے کہ بھارت نے امریکی آشیرباد سے جوبربریت کشمیر میں کی ہے اس حوالے سے ہماری سفارتکاری ناکام رہی ہے دوست ممالک نے بھی ہمارا ساتھ نہیں دیا بھارت کشمیر کو ہڑپ کرگیا اور ہمارے حکام بین الاقوامی برادری کو اپنا حمایتی نہیں بناسکے ۔بھارت کے موٴقف کی اخلاقی اور تاریخی بنیاد نہیں ہے مودی ہٹلر کا پیروکار ہے ۔

بھارت نے خودکشمیر کو بین الاقوامی مسئلہ بنایاتھا ،اقوام متحدہ میں بھی پاکستان نہیں بلکہ خود بھارت گیا تھا گزشتہ کئی برسوں میں بھارت اقوام متحدہ میں قراردادوں پر عمل کرنے سے فرار اختیار کرکے شملہ معاہدے کی آڑ لیتا رہا وہ اسے دوممالک کا مسئلہ قراردیتا رہا لیکن پانچ اگست کو جو کچھ بھارت نے کیا اس سے شملہ معاہدے کی بھی خلاف ورزی ہوئی ۔

تازہ ترین