• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عابد کی گرفتاری پر پولیس کو انعام دینے پر لاہور ہائیکورٹ برہم


موٹروے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد کی گرفتاری پرانعام دینے پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ملزم کو پکڑنا پولیس کی ذمے داری ہے اس پر انعام کیسا؟ اب پولیس افسر انعام کا انتظار کرے پھر ملزم پکڑے۔

لاہور میں متروکہ وقف املاک بورڈ کی اراضی پر پولیس قبضے کے خلاف کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ آئی جی پنجاب پر بھی برہم ہوئے۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ریمارکس میں کہا کہ بچیوں سے زیادتی ہو رہی ہے، ملزمان دندناتے پھر رہے ہیں، اشتہاری ملزمان تک پولیس سے گرفتار نہیں ہوتے، پورے پنجاب کو پولیس اسٹیٹ بنا دیا گیا ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ حکومت پولیس کی آلۂ کار بن سکتی ہے عدالت نہیں، دیکھتے ہیں آئی جی پنجاب کی تقرری قانون کے مطابق کیسے ہوئی ہے؟


دوسری جانب موٹروے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد کی گرفتاری سے متعلق ملزم کے والد نے دعوی کیا کہ عابد نے خود گرفتاری دی، وہ شام ساڑھے 6 بجے مانگا منڈی آیا، اس کے گھر آنے کی اطلاع پولیس کو دی گئی۔

ملزم عابد ملہی کے والد کے مطابق عابد کو شہری خالد بٹ کی موجودگی میں پولیس کے حوالے کیا گیا، ،لزم نے والد نے پولیس سے گھرکی خواتین کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روزآئی جی پنجاب نے عابد کوحکمت عملی کے ساتھ گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب نے پولیس ٹیم کو 50 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا تھا۔

تازہ ترین