• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موٹروے زیادتی کیس، مرکزی ملزم عابد کیسے پکڑا گیا؟


موٹروے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کو پولیس نے کیسے پکڑا پتا چل گیا۔ عابد ملہی پاکستان کا موسٹ وانٹڈ ملزم تھا جس کی تلاش کے لیے پولیس کے کئی آپریشن ناکام ہوئے۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے عابد کی گرفتاری کے لیے جال بچھایا اور اس کی بیوی کو فون اور نمبر فراہم کیا، یہ نمبر بیوی نے عابد سے رابطے کیلئے استعمال کیا۔ عابد نے اہلیہ کو اسی فون پر کال کر کے بتایا کہ وہ فیصل آباد آئے گا جس کے بعد اس کی اہلیہ کو فیصل آباد پہنچایا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے اس کی اہلیہ کو فیصل آباد پہنچا کر سادہ لباس اہلکاروں کا جال بچھایا اور جیسے ہی ملزم ملاقات کے لیے پہنچا تو اس کو حکمت عملی کے تحت بغیر کسی مزاحمت کے گرفتار کرلیا گیا۔


قبل ازیں موٹر وے اجتماعی زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کی گرفتاری کے لیے پولیس نے کئی شہروں میں متعدد بار چھاپے مارے مگر عابد ہر بار بچ نکلنے میں کامیاب رہا تھا۔ پولیس نے ملزم کے والد، بیوی، بیٹی اور بھائی سمیت سات افراد کو حراست میں لے کر بھی تفتیش کی تھی۔

یاد رہے کہ تھانہ گجرپورہ کی حدود سیالکوٹ موٹروے بائی پاس پر خاتون سے زیادتی کا واقعہ گزشتہ ماہ ستمبر میں پیش آیا تھا۔ متاثرہ خاتون لاہور سے اپنے بچوں کے ہمراہ گاڑی پر گوجرانوالہ جا رہی تھی کہ پیٹرول ختم ہوگیا۔

خاتون نے مدد کیلئے موٹر وے اور مقامی پولیس کو فون کیا۔ اسی دوران ملزمان عابد ملہی اور شفقت وہاں پہنچے، گاڑی کے شیشے توڑ کر خاتون کو باہر نکالا اور گن پوائنٹ پر بچوں کے سامنے اسے زیادتی کا نشانہ بنا کر فرار ہو گئے تھے۔

تازہ ترین