وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت انضمام شدہ علاقوں میں تعمیر و ترقی کے لیے پر عزم ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرِ صدارت انضمام شدہ علاقوں اور صوبہ پنجاب کی ترقیاتی ضرورتوں سے متعلق اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر اسد عمر، فواد چوہدری، عمر ایوب اور مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ شریک ہوئے جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان، وزیر خزانہ خیبرپختونخوا تیمور سلیم جھگڑا اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔
علاوہ ازیں وزیرِاعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وزیرِ خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں اور چیف سیکریٹری پنجاب نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت انضمام شدہ علاقوں کی بلا تعطل تعمیر و ترقی کے لیے پُرعزم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبوں کے محاصل اور آمدن کی شفاف، منصفانہ تقسیم تعمیر و ترقی کے عمل کے لیے ضروری ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ ماضی کی حکومتوں میں وسائل کا بڑا حصہ محض چند علاقوں تک محدود کر دیا جاتا تھا۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ ماضی میں پس ماندہ علاقوں میں تعمیر و ترقی کا عمل متاثر ہوا، ان علاقوں کی عوام میں احساسِ محرومی نے جنم لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی سطح پر اضلاع میں مالی وسائل کی منصفانہ تقسیم موجودہ حکومت کی ترجیحات میں سے ہے۔