• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شیخ رشید کو اپوزیشن جلسوں میں دہشت گردی کا خدشہ


وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے اپوزیشن جلسوں سے کورونا وائرس پھیلنے اور ان میں دہشت گردی کا کوئی بھی واقعہ رونما ہونے کا خدشہ ظاہر کر دیا۔

جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کے دوران شیخ رشید نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ (پی ڈی ایم) سے پیپلز پارٹی علیحدہ ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پر اپوزیشن کا کوئی دباؤ نہیں ہے، ان کو غلط فہمی ہے کہ جلسوں سے عمران خان جا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ یہ لوگ جلسے جلوس ضرور کریں، اگر اپوزیشن نے قانون کو ہاتھ میں لیا تو قانون ان کے ساتھ ہاتھ کرے گا۔


ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کہیں نہیں جارہے، ان کو جتنے جلوس کرنے ہیں کریں، اپوزیشن کے جلسوں پر حکومت ہاتھ پر ہاتھ دھر کر تو نہیں بیٹھی رہے گی۔

شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ سے استعفے نہیں دے گی، یہ عمران خان سے ڈری ہوئی جماعتیں ہیں، عمران خان پر تو کوئی چوری اور کرپشن کا الزام ہی نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو اختلاف رائے کا حق ہے، جلسے جلوس کریں، بعد میں ان کو ٹوٹنا ہے، ساری قوم سے کہتا ہوں اپوزیشن کا ایجنڈا خوفناک ہے۔

انھوں نے کہا کہ اپوزیشن جلسوں سے کورونا وائرس پھیلنے اور ان میں دہشت گردی کا کوئی بھی واقعہ رونما ہونے کا خدشہ ہے۔

وفاقی وزیر  نے کہا کہ استحکام کے خلاف عالمی ایجنڈا ہے اور یہ اس کا آلہ کار بن رہے ہیں، نواز شریف نے جو غلطیاں کی ہیں وہ گانٹھیں اپنے دانتوں سے کھولیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے خود نواز شریف کو باہر جانے کی اجازت دینے کی حمایت کی۔

شیخ رشید نے اعتراف کیا کہ مہنگائی حکومت کی سب سے بڑی دشمن ہے، عمران خان سے لوگوں کو نفرت نہیں ہے ہاں مہنگائی کے سبب اختلاف ضرور ہے، اس حکومت کے بہت سے وزراء ناتجربہ کار ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ منہگائی کو کنٹرول کرنے کی پوری کوشش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے ساتھ ہی دعویٰ کیا کہ عمران خان مہنگائی ختم کریں گے، انہوں نے بہت کچھ سیکھا ہے، میں نے کابینہ اجلاس میں دوائیوں کی قیمت کے بارے میں بات کی۔

تازہ ترین