گوجرانوالہ میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم) کو جلسے کے لیے جلسہ گاہ کی اجازت اب تک نہیں مل سکی، جس کے ردِ عمل میں مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ کورونا وائرس بھی تبدیلی کا شکار ہوگیا ہے، جو صرف اپوزیشن کے جلسے پر حملہ آور ہوگا۔ حکومت جتنا مرضی رولے، جلسہ تو ضرور ہوگا۔
ن لیگی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ابھی تو گوجرانوالہ میں پہلا جلسہ ہے اور یہ بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے، جبکہ ابھی تو لانگ مارچ باقی ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ آپ سمجھتے ہیں کہ دھمکانے سے مسلم لیگ ن کے کارکن ڈر جائیں گے، حکومت بوریا بستر باندھے، آپ کے جانے کا وقت آگیا ہے، پورا گوجرانوالہ ڈویژن جلسہ گاہ بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام جماعتوں کے قائدین اور کارکنان 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ پہنچیں گے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ اگر بزدلوں نے اسٹیڈیم نہ دیا تو جی ٹی روڈ پر جلسہ ہوگا۔