• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ڈی ایم اس حکومت کو دسمبر دیکھنے نہیں دے گی، مولانا فضل الرحمان


پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اس حکومت کو دسمبر دیکھنے نہیں دے گی۔

چارسدہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ حکومت کے خلاف تحریک چل پڑی ہے، آخری حد تک پہنچا کر دم لیں گے۔


مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ 16 اکتوبر کو گوجرانوالا میں عوام کا سمندر اٹھے گا۔

انہوں نے کہا کہ عوام حکومت کے خلاف تحریک کے لیے ہمارے ساتھ ہیں۔

حکومت جتنا مرضی رولے، جلسہ تو ضرور ہوگا، مریم اورنگزیب


اس سے قبل گوجرانوالہ میں  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ  کورونا وائرس بھی تبدیلی کا شکار ہوگیا ہے، جو صرف اپوزیشن کے جلسے پر حملہ آور ہوگا۔ حکومت جتنا مرضی رولے، جلسہ تو ضرور ہوگا۔

ن لیگی رہنما عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ ابھی تو گوجرانوالہ میں پہلا جلسہ ہے اور یہ بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے، جبکہ ابھی تو لانگ مارچ باقی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ آپ سمجھتے ہیں کہ دھمکانے سے مسلم لیگ ن کے کارکن ڈر جائیں گے، حکومت بوریا بستر باندھے، آپ کے جانے کا وقت آگیا ہے، پورا گوجرانوالہ ڈویژن جلسہ گاہ بن چکا ہے۔

پی ڈی ایم کے گوجرانوالہ جلسے میں دہشتگردی کا خطرہ

سیکیورٹی اداروں نے 16 اکتوبر کو ہونے والے اپوزیشن کے مشترکہ اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسوں میں دہشت گردی کے خطرے کا اظہار کردیا۔

سیکیورٹی اداروں نے سیاسی جماعتوں کو لکھے گئے خط میں کہا کہ عوامی اجتماعات اور ریلیوں میں دہشت گردی کا خطرہ ہے، سیاسی قائدین کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔

خط کے متن میں کہا گیا کہ ماضی میں مال روڈ پر دہشت گردی کا واقعہ پیش آچکا ہے۔

سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ ہائیکورٹ نے مال روڈ پر جلسے جلوسوں پر پابندی لگا رکھی ہے، جبکہ ایک جگہ اکٹھا ہونا کورونا کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتا ہے۔

تازہ ترین