اسلام آباد ( نمائندہ جنگ )وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب و داخلہ بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ ہوسکتا ہے کہ مریم جنوری میں اپنے والد کے پاس پہنچ جائیں،این اے 120 کے ضمنی انتخاب چرانے کا کیس اینٹی کرپشن سے نیب کو بھیج رہے ہیں۔
مریم صفدر نے الیکشن کمیشن اور قانونی پابندیوں کے باوجود حلقہ این اے 120 میں 2017 کے ضمنی انتخاب میں تاریخی دھاندلی کرتے ہوئے سرکاری خزانے سے اڑھائی ارب روپے خرچ کئے، (ن) لیگ کا بیانیہ ووٹ کو عزت دو سے ہٹ کر نوٹ کو عزت دو میں بدل گیا، آل شریف کا وطیرہ ہمیشہ سے یہ رہا ہے کہ وہ اپنی دولت اور اقتدار کے بل بوتے پر ہمیشہ سے نظام کو اپنے مفادات کی تکمیل کیلئے استعمال کرتے رہے ہیں۔
جس کی ایک مثال مریم نواز کی ہے جس نے قانون کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے الیکشن کمیشن کی ہدایات کو پس پشت ڈال کر حلقہ این اے 120 جسے (ن) لیگ کا گڑھ سمجھا جاتا ہے میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی نا اہلی کے بعد ہونے والے ضمنی الیکشن میں اربوں روپے کے ترقیاتی کام غیر قانونی طور پر شروع کرائے۔
بدھ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں ہونے والی اس دھاندلی کیخلاف متعلقہ اداروں اور الیکشن کمیشن کو ریفرنس بھیجے جائیں گے۔