• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2020 معاشیات کے نوبل انعام یافتہ کو فتح کی خبر کیسے ملی؟

نیلامی تھیوری میں شراکت اور جدت طرازی پر اسٹینفورڈ یونیورسٹی کے پروفیسر پال آر ملگرام اور پروفیسر رابرٹ بی ولسن کی ایک جوڑی کو معاشیات میں نوبل انعام دیا گیا اور اس فتح کی اطلاع پروفیسر پال آر ملگرام کو اُن کے شریک فاتح نے ایک انوکھے انداز میں دی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

امریکی معاشی ماہر پال آر ملگرم کو جب نوبل انعام ملا تو اس کے بعد ایک ایسی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی جو دیکھتے ہی دیکھتے خوب مقبول ہوگئی، یہ دلچسپ ویڈیو اسٹینفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کی گئی ہے۔

ٹوئٹر پر شیئر کی جانے والی ویڈیو سیکورٹی کیمرہ سے ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ رات کے 2 بجکر 15 منٹ پر نوبل انعام یافتہ پروفیسر پال آر ملگرام کے دروازے پر دستک ہوتی ہے اور جب وہ دروازہ کھولتے ہیں تو سامنے اُن کا شریک فاتح پروفیسر رابرٹ بی ولسن موجود ہوتے ہیں جو اُنہیں ایک بڑی کامیابی کی خبر دیتے ہوئے بتاتے ہیں کہ وہ 2020 کے معاشیات میں نوبل انعام جیتنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

ٹوئٹر پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اسٹینفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے بتایا گیا کہ ’نوبل پرائز کمیٹی پروفیسر پال آر ملگرام کو اُن کی جیت کی خبر دینے کے لیے اُن تک نہیں پہنچ سکی لہٰذا ان کے ساتھی فاتح اور پڑوسی رابرٹ ولسن نے آدھی رات کو ان کا دروازہ کھٹکھٹا کر اُنہیں خوشخبری دی۔‘

اسٹینفورڈ یونیورسٹی نے اپنے اگلے ٹوئٹ میں بتایا کہ’جب آج رات کے 2 بجکر 15 منٹ پر رابرٹ ولسن نے پال آر ملگرام کی ڈور بیل بجائی تو ملگرام کی اہلیہ کو فون پر سیکیورٹی کیمرہ کی اطلاع مل گئی تھی جس کے بعد اُنہوں نے وہ تمام منظر براہ راست اپنے موبائل فون پر دیکھا۔‘

واضح رہے کہ ا قتصادیات میں 2020 کا نوبل انعام نیلامی کے نظریہ میں اصلاحات اور نیلامی کے نئے فارمیٹس کی ایجادات کے لیے اسٹینفورڈ یونیورسٹی کے پروفیسر پال آر ملگرام اور پروفیسر رابرٹ بی ولسن کی ایک جوڑی کو دیا گیا ہے۔

تازہ ترین