• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روکنے کی کوشش کی تو ردِعمل کی ذمہ دار حکومت ہوگی، احسن اقبال


پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہمارے پُرامن جلسے کو تشدد کے ذریعے روکنے کی کوشش کے ردِعمل میں جو کچھ ہوا ذمہ دار حکومت ہوگی۔

لاہور میں دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت کے اوسان خطا ہوچکے ہیں، جو تین ماہ ڈی چوک میں دھرنا دے کر بیٹھے رہے ان کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ کہتے تھے اپوزیشن احتجاج کرے تو ہم کنٹینر دیں گے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ آج مزدور اور کسان ’گو عمران گو‘ کا نعرہ لگارہے ہیں، حکومت کی کوئی سمت نہیں ملک کی معیشت تباہ کردی گئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ عمران خان کی ترجیح اپوزیشن کی کردار کشی اور جھوٹے الزامات لگانا ہے، آپ کے پاس ثبوت ہیں تو عدالتوں میں پیش کریں عدالتیں فیصلہ کریں گی۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے سوا دو سال جھوٹے احتساب کو بھگت لیا ہے، اب عمران خان کے کرپٹ ٹولے کی باری ہے یہ ملک سے بھاگیں گے۔

لیگی جنرل سیکریٹری نے گوجرانوالہ جلسے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس اطلاعات ہیں کہ ان کے قافلوں کو روکا جارہا ہے۔


انھوں نے مزید کہا کہ عمران خان نیازی کی ناکام حکومت ان ہتھکنڈوں سے نہیں بچ سکتی۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ امید ہے انتظامیہ پر امن قافلوں کے راستے میں رکاوٹ نہیں کھڑی کرے گی۔

انھوں نے واضح کیا کہ ملک اس وقت انتشار کا متحمل نہیں ہوسکتا، ہم تشدد کے خلاف ہیں، ہمارے پُرامن جلسے کو تشدد کے ذریعے روکنے کی کوشش کے ردِعمل میں جو کچھ ہوا تو ذمہ دار حکومت ہوگی۔

لیگی رہنما نے شمالی وزیرستان میں فوجی قافلے پر دہشت گردوں کے حملے کی بھی مذمت کی۔

انھوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں کیپٹن سمیت 6 جوان شہید ہوئے ہیں، ہمیں اسکا دکھ ہے۔

تازہ ترین