راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے)ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی نے گوشت،روٹی دالوں سمیت 20 اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا از سر نو تعین کردیا ۔ انتظامیہ اور تاجروں کی باہمی مشاورت سے ایسے نرخوں کا تعین کیا گیا ہے جن پر خوابوں میں بھی اشیائے خوردونوش دستیاب نہیں ہیں۔ نئی پرائس لسٹ کے مطابق چاول باسمتی پرانا کی قیمت 160 روپے فی کلو، دال چنا موٹی 150روپے‘ دال چنا باریک 130روپے‘ دال مسور امپورٹڈ 155 روپے‘ مونگ دال دھلی ہوئی 230روپے‘ چنے سفید باریک 120 روپے‘ چنے سفید موٹے 145 روپے‘ چینی ایکس ملز فی کلو قیمت سے دو روپے زائد پر فروخت ہو گی۔ تندوری روٹی کی قیمت 7 روپے‘ نان 10 روپے‘ بکرے کا گوشت 800 سو روپے ‘ گائے کا گوشت 400 روپے فی کلو‘ دودھ 90 روپے فی لٹر جبکہ دہی 105روپے فی کلو میں فروخت کرنے کا تعین کیا گیا ہے۔بیس کلو کا آٹے کا تھیلا فوڈ ڈیپارٹمنٹ کے تعین ریٹ پر ملے گا۔گھی اور کوکنگ آئل بھی مقرر کی گئی قیمت پر ملے گا۔اس کے باوجود ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی نے اس کو اپنی قیمتوں کی تعین شدہ لسٹ میں رکھا ہوا ہے۔دال مسور کی بھی قیمت کا تعین نہیں کیا گیا۔شہریوں نےسرکاری ریٹ لسٹ آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا کہ سرکار قیمتیں کنٹرول نہیں کرسکتی تو قیمتیں مقرر کرکے عوا م کے زخموں پر نمک نہ چھڑکا جائے۔ایسے ریٹ دیئے جاتے ہیں جن کا بازاروں میں کوئی تصور ہی نہیں ہے۔دس روپے والا نان پندرہ روپے میں مل رہا ہے۔800روپے کلو گوشت12سو روپے کلو ہوچکا ہے۔90روپے والا دودھ120تک مختلف علاقوں میں بیچا جارہا ہے۔چینی 110/115روپے پر پہنچ چکی ہے ہول سیل ریٹ پر دو روپے منافع کا اعلان کرکے انتظامیہ نے جان چھڑائی ہے۔