لاہور(خصوصی رپورٹر)وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے گوجرانوالہ جلسے کے حوالے سے ن لیگی قائدین کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ جلسہ بیگم صفدر کو باہر بھجوانے کیلئے ایک ڈرامہ بازی ہے، نااہل نواز شریف کو بچانے، ممکنہ نااہل شہباز شریف کو باہر نکالنےکے تمام حربے بیکار جائیں گے،کل نارووال کے ارسطو احسن اقبال کی ʼʼگل ودھ گئی اے نیازیاʼʼ والی بڑھک بالکل ٹھیک تھی۔ پہلے آل شریف کے خلاف رمضان شوگر مل کیس میں ساڑھے 9 ارب کی منی لانڈرنگ ثابت ہوئی تھی اور اب آل شریف کی بیسیوں کمپنیوں میں سے ایک کمپنی کی25 ارب روپے کی کرپشن سامنے آ گئی ہے۔ ستمبر 2017 میں نواز شریف کے تاحیات نااہل ہونے کے بعد ضمنی الیکشن میں بیگم کلثوم نواز کو کھڑا کیا گیا۔ بیگم صفدر اعوان نے جاتی عمرہ بیٹھ کر سرکاری خزانے سے2 ارب 55 کروڑ کی رقم اس الیکشن کو جیتنے پر لگا دی۔ حیرانگی کی بات یہ ہے کہ اس پونے 3 کروڑ کے ٹینڈر اکتوبر میں اور ٹھیکے نومبر میں طے پائے گئے۔ احسن اقبال بے غم رہیں؛ آئندہ دنوں میں آل شریف کی کرپشن اور بدعنوانیوں کے بارے میں مزید انکشافات کروں گا۔ نارووال کے ارسطو عوام کو مزید بیوقوف بنا کر اپنے آقاؤں کی کرپشن پر پردہ ڈالنے کے لیے ڈرامے بازی کر رہے ہیں۔ نااہل نواز شریف کو بچانے، ممکنہ نااہل شہباز شریف کو باہر نکالنے اور بیگم صفدر اعوان کو لندن پہنچانے کے تمام حربے بیکار جائیں گے۔ آل پاکستان لوٹ مار ایسوسی ایشن عوام اور احتسابی اداروں سے قانون کے مزید تازیانے کھانے کے لیے تیار رہیں۔