• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سشانت خودکشی کیس کی تحقیقات ابھی جاری ہیں، سی بی آئی

خودکشی کرکے اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے والے بالی ووڈ کے نوجوان اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے کیس سے متعلق سی بی آئی کا کہنا ہے کہ سشانت خودکشی کیس کی تحقیقات ابھی جاری ہیں، اس کیس کی تحقیقات ابھی مکمل نہیں ہوئی ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کے نوجوان اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے خودکشی کیس کے حوالے سےکئی دنوں سے مختلف خبریں گردش کررہی تھیں کہ سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (CBI) کی تحقیقات مکمل ہوگئی ہیں اور وہ کچھ ہی دنوں میں اپنی فائنل یا کلوز رپورٹ کورٹ کے سامنے پیش کردے گی۔

سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے اس حوالے سے اپنی وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سشانت خودکشی کیس کی تحقیقات ابھی جاری ہیں، میڈیا میں کچھ ایسی خبریں پھیلی ہوئی تھیں کہ سی بی آئی نے اپنی تحقیقات مکمل کرلی ہیں اور وہ نتیجے پر پہنچ گئی ہےجبکہ ہم واضح کردیں کہ ایسی رپورٹس بالکل غلط ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ’ٹائمز آف انڈیا‘ کی ایک رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ سی بی آئی کو اس معاملہ میں کسی بھی طرح کی گڑبڑی کا شک نہیں ہے ، وہ اپنی کلوزر رپورٹ بہار کورٹ کے سامنے جلد پیش کرے گی۔

یاد رہے کہ کچھ روز قبل آل انڈیا میڈیکل انسٹی ٹیوٹ (ایمس) کے فورینسک میڈیکل بورڈ نے سشانت کی آٹوپسی رپورٹ تفتیشی ایجنسی کو سونپی تھی، جس میں سشانت کی موت میں قتل کی تھیوری کو پوری طرح سے خارج کردیا گیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سشانت کی موت میں ڈرگس اینگل سامنے آنے کے بعد اُن کی گرل فرینڈ ریا چکرورتی کو این سی بی نے حراست میں لے لیا تھا اور حال ہی میں اُنہیں ممبئی ہائی کورٹ سے ضمانت ملی ہے۔

سشانت سنگھ راجپوت کے والد نے ریا چکرورتی اور اُن کے اہل خانہ کے خلاف بہار میں مقدمہ درج کرایا گیا تھا، جس میں ریا پر سشانت کو خودکشی کے لیے اُکسانے کی بات کہی گئی تھی۔

واضح رہے کہ سشانت سنگھ راجپوت نے رواں سال 14جون کو ممبئی کے شہر باندرہ میں واقع اپنے فلیٹ میں مبینہ طور پر خودکشی کرلی تھی لیکن کئی بالی ووڈ فنکار اور سشانت کے مداح اُن کی خودکشی میں سازش کا اندیشہ مسلسل ظاہر کررہے ہیں۔

تازہ ترین