• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوشانت کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں نئے انکشافات

بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کی تحقیقات سی بی آئی کررہی ہے، تحقیقات کے دوران ہر دن نئے انکشافات ہورہے ہیں، جس سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ سوشانت کے کیس میں جیسا دکھانے کی کوشش کی جارہی ہے ویسا نہیں ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سی بی آئی کا کہنا ہے کہ سوشانت کی پوسٹ مارٹم رپورٹ نے کیس کو پوری طرح سے اُلجھا دیا ہے، ایسا لگتا ہے کہ یہ خودکشی کا معاملہ نہیں ہے۔ 

سوشانت کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں سی بی آئی کی ٹیم کو کافی بڑی گڑبڑ نظر آرہی ہے۔ رپورٹ میں سوشانت کے گلے پر بنے نشان اور کپڑے میں فرق ملا ہے۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ میں موت کے وقت کا کوئی تذکرہ نہیں کیا گیا ہے۔ عام طور پر شام ڈھلنے کے بعد پوسٹ مارٹم نہیں کیا جاتا لیکن سوشانت کا پوسٹ مارٹم رات میں ہی کیوں کردیا گیا؟

بھارتی اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ سی بی آئی نے سب سے پہلے اداکار کی پوسٹ مارٹم کو جلد جاری کرنے پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا اور پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹرز سے سوالات کیے تو نئے انکشافات سامنے آئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جب سی بی آئی نے جائے وقوع پر پہنچ کر سوشانت کی خودکشی کا منظر دوبارہ تخلیق کیا اور تفتیش کی کہ کس طرح اداکار نے خودکشی کی اور اُن کے قتل کے کتنے امکانات ہیں تو کئی سوالات سامنے آئے۔

سی بی آئی نے سوشانت سنگھ کی خودکشی کا سین دوبارہ تخلیق کیا تو پتا چلا کہ جس پنکھے سے لٹک کر اداکار نے خودکشی کی تھی وہ بستر سے صرف 5 فٹ 11 انچ اُوپر تھا جبکہ اداکار کا قد بھی 5 فٹ 10 انچ ہے جبکہ اداکار خودیہ دعویٰ کرتے تھے کہ اُن کا قد 6 فٹ ہے۔

سی بی آئی افسران نے سوال اُٹھایا کہ جب بستر اور پنکھے کے درمیان فاصلہ ہی اداکار کے قد جتنا یا اس سے بھی کم ہے تو کیسے انہوں نے خودکشی کی؟

اسی طرح سی بی آئی نے اداکار کی پوسٹ مارٹم رپورٹ پر بھی خدشات کا اظہار کیا اور سی بی آئی نے اس ضمن میں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (اے آئی اے ایم ایس) کے ماہرین کی ٹیم بھی تشکیل دی ہے۔

شوبز ویب سائٹ پنک ولا نے بتایا کہ سی بی آئی نے اداکار کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کا تنقیدی جائزہ لینے کے لیے اے آئی اے ایم ایس کے ماہرین سے مدد لے گی، ٹیم کو اداکار کی پوسٹ مارٹم رپورٹ اور خودکشی کرنے والے کپڑے پر بھی شکوک و شبہات ہیں۔

ٹائمز آف انڈیا نے اپنی ایک اور رپورٹ میں بتایا کہ سی بی آئی سوشانت سنگھ کیس کی تفتیش کے دوران اس پہلو کی جانچ کر رہی ہے کہ اداکار کو دوسرے افراد کی جانب سے لٹکانے کے کتنے امکانات ہیں اور اس ضمن میں خفیہ ادارے کے ماہرین نے ہر پہلو سے کیس کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے۔

سی بی آئی کی گزشتہ چند دن کی تفتیش کے حوالے سے بھارتی میڈیا کی متعدد خبروں میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ مرکزی تفتیشی ادارے کی تحقیق میں سوشانت سنگھ کیس میں متعدد نئے پہلو سامنے آئے ہیں۔

تازہ ترین