وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گِل کہتے ہیں کہ آج گوجرانوالہ کے پی ڈی ایم کے جلسے میں حکومت لوگوں کو پینے کا صاف پانی، ماسک اور ہینڈ سینیٹائزر مہیا کرے گی۔
یہ بات وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گِل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیئے گئے ایک بیان میں کہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ عمران خان کی حکومت ہے، ہر حال میں اپنے عوام کی سہولت اور کورونا وائرس سے حفاظت کے اقدامات کریں گے۔
وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گِل کا یہ بھی کہنا ہے کہ خاندانی کرپشن کے بچاؤ کی کوشش میں معصوم عوام استعمال ہو رہے ہیں۔
اس سے قبل ٹوئٹر پر ہی ایک بیان میں شہباز گلِ نے کہا تھا کہ آج وزیرِ اعظم عمران خان نسٹ یونیورسٹی میں کارڈیئک اسٹنٹ کی پیداوار کا افتتاح کریں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان دنیا کے ان 18 ملکوں شامل ہو جائے گا جو اسٹنٹ بناتے ہیں، مسلم دنیا میں یہ ترکی کے بعد دوسرا ملک ہو گا جسے سالانہ 8 ارب روپے زرِ مبادلہ کی بچت ہو گی، قوم اور سائنسدانوں کو مبارک ہو۔