• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Web Desk
Web Desk | 17 اکتوبر ، 2020

اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کا حکومت کے خلاف پہلا پاور شو


اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کا پہلا پاور شو گوجرانوالہ کے جناح اسٹیڈیم میں ہورہا ہے، اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا قافلہ بھی جلسہ گاہ پہنچ گیا۔

 اپوزیشن کی دو بڑی جماعتوں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پہلے ہی جلسہ گاہ پہنچ گئے تھے اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے قافلے کا انتظار کیا جارہا تھا۔

لاہور سے دوپہر 2 بجے نکلنے والی مریم نواز تقریبا 7 گھنٹے میں جناح اسٹیڈیم گوجرانوالہ پہنچی، ان کے تھوڑی دیر بعد لالہ موسیٰ سے اپوزیشن قافلے کی قیادت کرنے والے بلاول بھٹو زرداری بھی جلسہ گاہ پہنچ گئے۔

جلسہ گاہ کے شرکاء نے اپوزیشن اتحاد کے قائدین کا پرتپاک استقبال کیا اور ان کے حق میں خوب نعرے بازی کی، اس موقع پر ن لیگ کی مریم نواز، بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمٰن نے کارکنوں کے نعروں کا ہاتھ ہلاکر کر جواب دیا۔

اس سے قبل ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثنا اللّٰہ، خرم دستگیر، خواجہ محمد آصف اور جاوید ہاشمی نے مریم نواز کو اسٹیج پر خوش آمدید کہا، وہ اس دوران کارکنوں کے نعروں کا ہاتھ ہلا کر جواب دیتی رہیں۔

اسٹیج پر موجود ن لیگ سینئر رہنماؤں خواجہ محمد آصف اور جاوید ہاشمی نے مریم نواز کے سر پر دست شفقت رکھا اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

عمران خان کی حکومت کے خلاف ملک کی 9 بڑی اور چھوٹی اپوزیشن جماعتوں نے اتحاد کیا ہے، جس کا پہلا جلسہ گوجرانوالہ اسٹیڈیم میں ہو رہا ہے، جلسہ گاہ مرکزی قائدین کی آمد سے قبل ہی بھر گئی ہے۔

گوجرانوالہ جلسے سے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعطم راجا پرویز اشرف، احسن اقبال، جاوید ہاشمی، خرم دستگیر اور پیپلز پارٹی کے سردار لطیف کھوسہ نے خطاب کیا۔

مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ نواز شریف کی حکومت نے ملک سے دہشت گردی ختم کی ۔

انہوں نے مزید کہاکہ نواز شریف کے دور حکومت میں آٹا 32 روپے اور چینی 54 روپے کلو ملتی تھی اور آج یہ بنیادی چیز یں عوام کی پہنچ سے دور ہیں۔

ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہاکہ مہنگائی سے نجات حاصل کرنی ہے تو پی ٹی آئی حکومت کے خاتمےکے مشن کا حصہ سب کو بننا ہوگا ۔

جاوید ہاشمی نے کہا کہ ہم اپنے ووٹ کی عزت مانگ رہے ہیں یہ کہتے ہیں تبدیل آچکی ہے مگر پاکستان کی گلیوں میں دیکھو لوگ غریب ہوگئے ہیں۔

خرم دستگیر نے کہا کہ ہم پر پولیس گردی کی گئی، ن لیگ کی کارنر میٹنگز الٹ دیں، یہاں موجود پی ڈی ایم کارکنوں کا پیغام ہے کہ ہمارا رشتہ ملک کی مٹی سے جڑا ہے۔

سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ آج پاکستان کی بقا کی جنگ ہے، حکومتیں افہام و تفہیم سے چلتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کتنی جیلیں بھروگے، کتنے لوگوں پر ظلم کروگے؟ اپوزیشن کو گالیاں دینا آپ کو زیب نہیں دیتا۔

اس سے قبل شام ہونے سے پہلے ہی عوام کی بڑی تعداد جلسہ گاہ پہنچنا شروع ہوگئی تھی، جن کا جوش و خروش دیدنی ہے۔

اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد میں شرکت کےلیے دوپہر کو مریم نواز اور مولانا فضل الرحمٰن لاہور سے روانہ ہوئے جبکہ بلاول بھٹو زرداری نے لالہ موسیٰ سے اپوزیشن قافلے کی قیادت کی۔

جلسے سے اپوزیشن اتحاد کے مرکزی رہنما سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سمیت دیگر جماعتوں کے قائدین خطاب کریں گے۔

اس سے قبل اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم نے اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کے گڑھ گوجرانوالہ میں جلسے کا انعقاد کیا، اس دوران انتظامیہ نے سڑکوں پر کنٹینر رکھ کر رکاوٹیں کھڑی کیں۔

راستے کھلوانے کےلیے ن لیگ رہنما خرم دستگیر موٹر سائیکل پر عدالت پہنچے اور سیشن کورٹ گوجرانوالہ میں درخواست جمع کرائی۔

 معاہدے کے تحت جلسے کا وقت رات 11 بجے تک تھا، فیاض چوہان

وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ معاہدے کے تحت اپوزیشن جلسے کا وقت رات 11 بجے تک تھا، مقررہ وقت کی خلاف ورزی پر حکومت کو قانونی کارروائی کا اختیار حاصل ہے مزید پڑھیں

آج سب کو نواز شریف یاد آتا ہے،شاہد خاقان

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ یہ حکومت ناکام ہوچکی ہے، کیونکہ اس کی بنیاد کھوکھلی تھی، آج سب کو نواز شریف یاد آتاہے، آج عمران خان کو لانے والوں کو بھی نواز شریف یاد آتا ہے مزید پڑھیں

گوجرانوالہ جلسہ لاکھوں عوام کے اجتماع میں بدل چکا، کائرہ

پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ اہل گوجرانوالہ نے حکومت کے خلاف ریفرنڈم جیت لیا ہے، جلسہ لاکھوں عوام کے اجتماع میں بدل چکا ہے مزید پڑھیں

میں تاحال لاہور پار نہیں کرسکی،مریم نواز

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے تھوڑی دیر قبل ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ’میں دوپہر 2 بجے نکلی اور تاحال شاہدرہ لاہور پار نہیں کرسکی مزید پڑھیں

بلاول بھٹو کا وزیر آباد میں ریلی کے شرکاء سے خطاب

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم ظالم حکمرانوں سے نجات دلائے گی، پی ڈی ایم کی شکل میں اس نظام کا مقابلہ کریں گے مزید پڑھیں

وزیر داخلہ اعجاز شاہ کی تردید

وزیرداخلہ بریگیڈئر (ر) اعجاز شاہ نے اپوزیشن اتحاد ( پی ڈی ایم ) کے جلسے کے شرکاء کی پکڑ دھکڑ کی تردید کی اور کہاکہ کنٹینرز صرف گاڑیاں روکنے کےلیے لگائے گئے ہیں آدمی روکنے کےلیے نہیں مزید پڑھیں

مریم اورنگزیب کی پولیس اہلکاروں سے تلخ کلامی

مریم اورنگزیب نے پولیس کی جلسہ سے جلسہ گاہ بند کیے جانے پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور کارکنوں کو داخلے سے روکے جانے پر ان کی اہلکاروں سے تلخ کلامی بھی ہوگئی مزید پرھیں

پارٹی رہنماؤں کے پریس کانفرنس

دوسری طرف گوجرانوالہ میں پارٹی رہنماؤں کے پریس کانفرنس میں ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پولیس نے چاروں اطراف سے جلسہ گاہ کو محاصرے میں لے لیا ہے پولیس کا یہ اقدام حکومت کے غیر آئینی عمل کا عکاس ہے مزید پڑھیں

خواجہ محمد آصف کا بیان

سیالکوٹ سے جلسے میں شرکت کےلیے نکلنے والے سابق وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ میں نے اپنی سیاسی زندگی میں ایساجوش و خروش نہیں دیکھا،آج جلسہ کررہے ہیں دھرنا نہیں دے رہے مزید پڑھیں

جلسے کے شرکا آپس میں جھگڑ پڑے

دوسری طرف پی ڈی ایم کے گوجرانوالہ جلسے کے شرکا آپس میں جھگڑ پڑے، اپوزیشن کی 9 بڑی چھوٹی جماعتوں کے کارکن گتھم گتھا اور ایک دوسرے پر تھپڑوں کی بارش کردی مزید پڑھیں