مسلم لیگ (ن ) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خرم دستگیر جلسہ گاہ کی طرف جانے والے بند راستے کھلوانے کے لیے موٹرسائیکل پر عدالت پہنچے۔
خرم دستگیر کنٹینرز لگا کر بند کیے گئے راستے کھلوانے کے لیے سیشن کورٹ گوجرانوالہ پہنچے اور درخواست جمع کرائی۔
دائر درخواست میں کہا گیا کہ اپوزیشن کے جلسے میں شرکت کے لیے آنے والے قافلوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد کو کنٹینرز لگاکر روکا جارہا ہے۔
درخواست دائر کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خرم دستگیر نے بتایا کہ ایڈیشنل سیشن جج ارشد محمود کی عدالت میں رٹ پٹیشن دائر کی ہے۔
درخواست سابق صدر بار مرزا نور زمان کی طرف سے دائر کی گئی، رٹ پٹیشن میں راستے کھولنے کی استدعا کی گئی ہے، راستے بند کرنا عوام کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
ن لیگ کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال کا کہنا ہے کہ راستوں سے رکاوٹیں نہ ہٹائیں تو توہین عدالت کا کیس کریں گے، عمران خان آپ کے جانے کا وقت آگیا ہے۔