پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ یہ حکومت ناکام ہوچکی ہے، کیونکہ اس کی بنیاد کھوکھلی تھی، آج سب کو نواز شریف یاد آتاہے، آج عمران خان کو لانے والوں کو بھی نوازشریف یاد آتا ہے۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ آج ہر پاکستانی مشکل میں ہے، ہمارا ملک مشکل میں ہے۔
گوجرانوالہ میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک ترقی اس وقت کرے گا جب آئین کی حکمرانی ہوگی۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عوام ووٹ کی صورت میں امانت دیتے ہیں اس میں خیانت نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہم صرف ایک آزاد الیکشن کی صورت میں ملک کو بچا سکتے ہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج ملک میں مہنگائی کیسے ہوگئی، ان کے پاس کوئی جواب نہیں ہے، جواب دیں آج چینی 110روپے اور آٹا 75روپے کیسے ہوگیا۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ یہ جمہوریت اور پاکستان کی فتح ہے، آج گوجرانوالہ نے میدان مار لیا ہے، جتنے لوگ اسٹیڈیم میں موجود ہیں، اس سے دوگنا باہر ہیں۔