بالی ووڈ کی ماضی کی صف اول اداکارہ اور بی جے پی (بھارتی جنتیا پارٹی) کی رکن پارلیمنٹ ہیما مالنی کا کہنا ہے کہ شادی کے بعد اُنہیں اپنے شوہر اور لیجنڈری اداکار دھرمیندر کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کو نہیں ملا لیکن اُنہوں نے اپنے شوہر سے کبھی اس بات کی شکایت نہیں کی۔
بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق ہیما مالنی نے اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق با ت کرتے ہوئے کہا کہ ’شادی کے بعد اُنہیں اور دھرمیندر کو زیادہ وقت ساتھ گُزارنے کو نہیں ملا کیونکہ دونوں ہی اُن دنوں اپنے کاموں میں مصروف ہوا کرتے تھے۔‘
ہیما مالنی نے کہا کہ ’اُنہوں نے اس بات کی کبھی اپنے شوہر سے شکایت نہیں کی بلکہ دھرمیندر کے ساتھ جو وقت بھی گُزارا اُسے قیمتی سمجھا۔‘
بھارتی اداکارہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’وہ اپنی زندگی میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں چاہتی ہیں، وہ اپنے شوہر کے ساتھ بہت خوش ہیں۔‘
ہیما مالنی نے کہا کہ ’اُن کا ماننا یہ ہے کہ زندگی کا ہر لمحہ ایک حسین یاد کی طرح گُزارنا چاہیے کیونکہ وقت نہ دینے پر کسی سے شکایت کرنا صرف وقت کا ضیاع ہے لہٰذا وقت ضائع کیے بغیر ہر لمحے سے لطف اندوز ہوئیں۔‘
واضح رہے کہ ہیما مالنی اور دھرمیندر 1970 کی دہائی میں اسکرین پر بالی وڈ کی سب سے مشہور جوڑی تھی اور انہوں نے متعدد کامیاب فلموں میں ایک ساتھ کام کیا جس میں شعلے، سیتا اور گیتا، دل لگی اور ڈریم گرل شامل ہیں۔
1975 میں فلم شعلے میں دھرمیندر کے مدِ مقابل کام کرتے ہوئے ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہونے والی یہ جوڑی 1980میں شادی کے بندھن میں بندھ گئی۔