بالی ووڈ کے سینئر اداکار دھرمیندر اور اُن کی اہلیہ ہیما مالنی نے کورونا وائرس کا شکار ہونے والے اپنے ساتھی اداکار امیتابھ بچن کی جلد صحتیابی کے لیے دُعائیہ پیغامات جاری کیے ہیں۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر دھرمیندر نے امیتابھ بچن کے اُس ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے دُعائیہ پیغام جاری کیا ہے جس میں امیتابھ بچن نے اپنا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی اطلاع دی تھی۔
دھرمیندر نے لکھا کہ ’امیت، جلدی سے ٹھیک ہوجاؤ، میرے بہادر چھوٹے بھائی مجھے تُم پر پورا یقین ہے کہ تُم ایک دو دن میں صحتیاب ہوجاؤ گے اور کورونا کو شکست دے دو گے۔‘
اداکار نے جیا بچن کو حوصلہ اور ہمت دیتے ہوئے لکھا کہ ’جیا بالکل بھی فکر مت کریں بہت جلد سب کچھ پہلے کی طرح ٹھیک ہوجائے گا۔‘
اُنہوں نے لکھا کہ ’گھر میں سب کی دیکھ بھال کریں اور سب کا خیال رکھیں۔‘
دوسری جانب دھرمیندر کی اہلیہ و اداکارہ ہیما مالنی نے بھی امیتابھ بچن کے لیے ٹوئٹر پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
ہیما مالنی نے اپنے ٹوئٹ میں امیتابھ بچن کی جلد صحتیابی کے لیے دُعا کرتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے یقین ہے کہ ہماری تمام اجتماعی دعاؤں کے ساتھ امیتابھ بچن کورونا کو شکست دینے میں کامیاب ہوجائیں گے۔‘
واضح رہے کہ گزشتہ روز کورونا وائرس کا شکار ہونے والے بھارتی اداکار امیتابھ بچن اور اُن کے بیٹے ابھیشیک بچن کورونا ٹیسٹ کے نتائج مثبت آنے کے بعد سے ممبئی کے ناناوتی اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں زیرِ علاج ہیں۔
اِس ضمن میں اسپتال کے تشویشناک نگہداشت وارڈ کے سربراہ ڈاکٹر عبدالصمد انصاری نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ امیتابھ بچن کی طبیعت مستحکم ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ امیتابھ بچن کو کورونا کی کچھ ہی علامات ظاہر ہوئی ہیں اور اُن کی طبیعت بھی ٹھیک ہے۔
یاد رہے کہ امیتابھ بچن، دھرمیندر اور ہیما مالنی نے مشہور بھارتی فلم ’شعلے‘ میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔