• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فن لینڈ کی وزیر اعظم کو لباس پر تنقید کا سامنا

فن لینڈ کی وزیر اعظم کو سوشل میڈیا پر غیر مناسب لباس پہننے پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فن لینڈ کی وزیر اعظم ’سنا مرین‘ کو غیر مناسب لباس زیب تن کیے جانے کے باعث سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے لیکن جہاں اُن پر تنقید کی جارہی ہے وہیں اُن کے کچھ حمایتی بھی سامنے آئے ہیں جن کا کہنا ہے کہ وہ سنا مرین کے ساتھ کھڑے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرفن لینڈ کی34 سالہ وزیر اعظم سنا مرین کی ایک تصویر شیئر کی گئی ہے جو کہ اُن کے کسی میگزین کے لیے کرائے گئے فوٹو شوٹ کے دوران لی گئی تھی۔

ٹوئٹر پر جاری کردہ تصویر میں اُنہوں نےسیاہ رنگ کا نامناسب لباس پہننا ہوا ہے، جس پر ناقدین کا کہنا ہے کہ اُنہیں وزیر اعظم کی حیثیت سے ایسا لباس پہننا زیب نہیں دیتا۔ سنا مرین کی تصویر پر ایک صارف نے اُن کے لباس کی مخالفت کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ وزیراعظم ہیں یا کوئی ماڈل۔؟‘

میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹوئٹر پر سنا مرین کے نامناسب لباس کے خلاف ٹوئٹس کا سلسلہ جاری تھا کہ بڑی تعداد میں اُن کے حمایتی بھی سامنے آگئے، جن کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کا پہنا ہوا لباس بالکل بھی غیر مناسب نہیں ہے اور ایسے لباس اس سے قبل بھی مختلف شخصیات نے پہنے ہیں۔

ٹوئٹر پر 100 سے زائد خواتین نے ایسی ہزاروں تصویریں شیئر کی ہیں جن میں مختلف خواتین سنا مرین جیسا لباس پہننے ہوئی ہیں۔

واضح رہے کہ فن لینڈ کی وزیراعظم 34 سالہ سنا مارین کو دنیا کی کم عمر ترین وزیراعظم کا اعزاز حاصل ہے۔

تازہ ترین