• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن استعفے دے، ایک گھنٹے میں حکومت گر جائیگی، مصطفیٰ کمال

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں اگر واقعی سنجیدہ ہیں تو جلسے جلوسوں کے بجائے اسمبلیوں سے استفعی دیں، ایک گھنٹے میں حکومت گر جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ملیر سے تعلق رکھنے والی مختلف برادریوں کے عمائدین سے شمولیت کے لیے پاکستان ہاؤس آمد پر ملاقات میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکٹری جنرل ایڈوکیٹ حسان صابر، ڈسٹرکٹ ملیر کے صدر عظیم احمد میمن بھی موجود تھے۔مصطفی کمال نے مزید کہا کہ حکمران اور اپوزیشن عوامی مسائل پس پشت ڈال کر کرسی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان سمیت کسی کو مہنگائی بےروزگاری اور غربت کی بھٹی میں جلتی عوام یاد نہیں۔ اہم ملکی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی ملکی سالمیت کے لیے خطرناک ہے۔ اہم ملکی اداروں کی رسوائی پاکستان کی رسوائی ہے۔ اپوزیشن جماعتیں اگر واقعی سنجیدہ ہیں تو جلسے جلوسوں کے بجائے اسمبلیوں سے استفعی دیں، ایک گھنٹے میں حکومت گر جائے گی۔ لیکن پیپلز پارٹی کبھی استعفیٰ نہیں دے گی کیونکہ انہیں حکومت کے مزے بھی لینے ہیں اور بیک ڈور سے معاملات بھی ٹھیک کرنے ہیں۔ سندھ اور اسکے دارالخلافہ کراچی کو برباد کرنے والی پیپلز پارٹی کے چئیر مین بلاول زرداری کس منہ سے پاکستان کی عوام کے حقوق کی بات کر رہے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی نے 18ویں ترمیم کے نام پر سندھ کی عوام کے حقوق سلب کر رکھے ہیں۔ بالخصوص شہری سندھ کی عوام سے پیپلز پارٹی کی تعصب زدہ حکومت مینڈیٹ نہ ملنے کا بدلہ لے رہی ہے۔ کراچی سے کشمور تک عوام گندا پانی پینے، کتے کے کاٹنے، ہیپاٹائٹس اور ایڈز سے مر رہے ہیں۔ تعلیمی ادارے، اسپتال اور انفرااسٹرکچر تباہ حال ہے جسکا براہِ راست اثر لوگوں کے روزگار پر ہوتا ہے۔ لوگوں کی قوت خرید ختم ہوگئی ہے۔ پیپلز پارٹی نے سب سے زیادہ نقصان سندھ کی عوام کو دیا ہے۔ انکے تعصب کی وجہ سے ناصرف سندھ شہری اور دیہی میں تقسیم ہو گیا بلکہ اس کا دارالخلافہ بھی 7 ٹکڑوں میں تقسیم کر دیا گیا۔ مردم شُماری میں شہری سندھ کی حق تلفی کی گئی اور پیپلز پارٹی خاموش رہی۔

تازہ ترین