• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی وزیر خارجہ کی بلاجواز اور روایتی ہرزہ سرائی قابل مذمت مسترد کرتے ہیں، ترجمان دفترخارجہ

اسلام آباد (نامہ نگارخصوصی)بھارت کے وزیر خارجہ کی بلا جواز اور روایتی ہرزہ سرائی مذموم ہے اسے مسترد کرتے ہیں جس میں دوطرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال کاذمہ دار پاکستان کو قرار دیا گیاہے۔ یہ بات دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ نے اسلام آباد میں صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بیان بھارت کے قابل مذمت رویے کی عکاسی کرتا ہے جس کے تحت اس نے مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کیے اور نہتے کشمیریوں کے خلاف انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیاں کیں۔ ترجمان نے کہاجعلی مقابلوں اور تلاشی اور محاصرے کی کارروائیوں کے دوران شہید کئے گئے نہتے کشمیری نوجوانوں ، خواتین اور بچوں کو دہشتگرد قرار دینا بھارتی قیادت کے ڈھونگ اور اخلاقی دیوالیہ پن کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارت اور روابط کے نام نہاد دعوے داروں کو دنیا کو یہ بھی بتانا چاہئے کہ کون علاقائی تعاون اور سارک کے عمل کو سبوتاژ کررہا ہے جس کا سربراہ اجلاس 2016ء کے بعد اب تک نہیں ہو سکا،یہ راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کی ہندوتوا اور اکھنڈ بھارت کی خطرناک پالیسیاں ہیں جن کی وجہ سے کشمیریوں کو مسلسل ہدف بنایا جارہا ہے اور بھارت میں اقلیتوں پر عرصہ حیات تنگ کیا جا رہا ہے۔اس کے علاوہ بھارت کے تمام ہمسایہ ممالک کیلئے مسائل پیدا کئے جارہے ہیں۔

تازہ ترین