وفاقی وزیر غلام سرور خان نے کہا ہے کہ پورا زور لگا کر ملک دشمن نواز شریف کو وطن واپس لائیں گے۔
ٹیکسلا میں گفتگو کے دوران غلام سرور خان نے کہا کہ نواز شریف کو واپس لانے کے لیے بھرپور سفارتی تعلقات استعمال کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پورا زور لگائے گی کہ ملک دشمن نواز شریف کو وطن واپس لایا جائے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ نواز شریف پر اور بھی مقدمات درج کیے جائیں گے، جبکہ ان کی اولاد کو بھی وطن لائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر نواز شریف کی زبان بند نہ ہوئی تو کھینچنی پڑے گی۔
غلام سرور خان نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف کو بیرون ملک جائیدادیں بنانے کے جرم میں وزارتِ عظمیٰ سے نکالا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کر کے نواز شریف نے ملک دشمنوں کو خوش کیا، نواز شریف کے خلاف غداری کا مقدمہ دائر کرنا عوامی مطالبہ ہے۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز پاکستان کی بات کریں، نہیں تو عوام انہیں اٹھا کر بحیرہ عرب میں پھینک دیں گے۔