• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف سزا یافتہ مجرم، سوالات پوچھنے والے ہوتے کون ہیں؟ اسد عمر کا استفسار


وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ سزا یافتہ مجرم ہیں، آپ سوالات پوچھنے والے ہوتے کون ہیں؟

کراچی میں وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں اسد عمر نے اپوزیشن کے 11 جماعتی اتحاد کو کراچی میں خوش آمدید کہا۔

انہوں نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات میں کراچی کے عوام نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو ووٹ دیا، ہم شہر کی بڑی پارٹی ہیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ نواز شریف ملک سے بھاگ کر لندن میں بیٹھ گئے ہیں، ان کا مسئلہ کسی فرد کے ساتھ نہیں، اداروں کے ساتھ ہے۔


ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی تقاریر سول بالادستی اور جمہوریت کے لیے نہیں اپنی کرپشن بچانے کے لیے ہیں۔

اسد عمر نے اس دوران نوازشریف سے استفسار کیا کہ ’میاں صاحب بتائیں منتخب وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف کالا کوٹ پہن کر کون عدالت گیا تھا؟ سپریم کورٹ پر حملہ کس نے کروایا تھا؟‘

انہوں نے مزید پوچھا کہ میاں صاحب آپ بھارت پر تنقید کیوں نہیں کرتے؟ میاں صاحب آپ دلیر ہیں تو آپ کے منہ سے کلبھوشن کا نام کیوں نہیں نکلتا؟

وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ میاں صاحب یہ بھارت کا بیانیہ نہیں بکے گا، آپ کے سوال کرنے کا وقت گزر گیا، اب آپ کے جواب دینے کا وقت آگیا ہے، آپ کی دھمکیاں اب آپ کے کام نہیں آئیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف صاحب آپ اپنے ایلچی ملاقاتوں کے لیے کیوں بھیجتے تھے؟ آپ کے بھائی اور ن لیگ دیگر رہنما این آر او کیوں مانگتے رہے ہیں؟ میاں صاحب، جب آپ کو ہر جگہ سے ناکامی ہوئی تب آپ کو جمہوریت یاد آگئی۔

اسد عمر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نانی بڑے احترام کا رشتہ ہے، کیا مریم نواز نانی نہیں ہیں، کیا وزیراعظم عمران خان نے کوئی غلط بات کی ہے؟

انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین سے متعلق کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ کے لیے جو زبان استعمال کی، وہ یاد رکھیں سب کے گھر کے افراد ہوتے ہیں۔

تازہ ترین