پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپوزیشن جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار کے تقدس کی پامالی کا مقدمہ درج کروانے کا اعلان کردیا۔
اس اعلان سے قبل مزار قائد پر کیپٹن (ر) محمد صفدر کی جانب سے ووٹ کو عزت دو کے نعرے لگوانے پر وفاقی وزراء اسد عمر اور علی زیدی نے کا بھی شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔
پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی راجا اظہر نے مزار قائد کے تقدس کی پامالی پر ن لیگی قیادت کے خلاف مقدمے کے اندراج کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز، کیپٹن (ر) محمد صفدر، نہال ہاشمی اور دیگر ن لیگی رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کرائیں گے۔
مزار قائد پر سیاسی نعرے بازی شرمناک عمل ہے، شہباز گل
وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے بھی اس واقعے پر بیان جاری کیا اور کہا کہ ن لیگی رہنما بوکھلاہٹ میں بانی پاکستان کے مزار کا تقدس بھی بھول گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ مزار قائد پر سیاسی نعرے بازی اور ہلہ گلہ کرنا شرمناک عمل ہے، تاریخ میں ایسی حرکت کسی سیاستدان نے نہیں کی۔
شہباز گل نے مزید کہا کہ مزار قائد کے سوا سیاست کرنے کے لیے پورا کراچی شہر پڑا ہے، مریم نواز اور ان کے شوہر کو مزار قائد کی بے حرمتی پر قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔
کراچی میں اپوزیشن اتحاد کے جلسے میں شرکت کے لیے آئی ہوئی مریم نواز نے مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی اور دعا بھی کی۔
اس موقع پر مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) محمد صفدر نے ’ووٹ کو عزت دو‘ کے نعرے انتہائی پُرجوش انداز میں لگائے۔
ویڈیو کے ساتھ اپنے پیغام میں اسد عمر اور علی زیدی نے کیپٹن (ر) محمد صفدر کے اقدام کی مذمت کی اور ان سے معافی مانگنے کا بھی مطالبہ کیا۔