• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نالائق اور نااہل وزیراعظم کو جانا ہوگا، لڑائی فیصلہ کن ہے، بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی( پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان کو نالائق اور نااہل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے جانا پڑے گا، جمہوریت کےلیے ہماری جدوجہد نئی نہیں لیکن فیصلہ کن ہے۔

کراچی کے باغ جناح میں اپوزیشن جماعتوں کے حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) کے جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو نے سانحہ کارساز کے شہدا کو سرخ سلام پیش کیا اور کہا کہ حکمران اپنے فرض کی ادائیگی سے منکر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو مہنگائی کی خبر ٹی وی سے ملتی ہے، ہماری لڑائی اقتدار کے لیے نہیں، ہم مہنگائی کے بوجھ تلے دبے غریب عوام کا مقدمہ لڑ رہے ہیں، ہم نے اس ملک کی جمہوریت کا دفاع اپنے خون سے کیا ہے۔


پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ پاکستان کی تمام جمہوری طاقتوں نے سفر جاری رکھنا ہے، تمام آزادیوں کا ضامن جمہوری نظام ہے، حکمرانوں کو عوام کے آنسو نظر نہیں آتے اور یہ شخص جمہوریت کا دعویٰ کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کراچی کو صرف دھوکا دیا،11 سو ارب کے کراچی پیکیج کے لیے ایک روپیہ بھی وفاق نے نہیں دیا، سندھ کو این ایف سی سے 300 ارب ملنا تھے جو تاحال نہیں ملے، ہم اس پیسے سے نوجوانوں کو روزگار دیتے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ کے-الیکٹرک عوام کا خون چوس رہی ہے اور وزیراعظم اپنے دوست کو بچا رہا ہے، انہوں سیلاب متاثرین کی داد رسی تک نہیں کی۔ اس شخص کے غرور کو عوام مٹی میں ملا دے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ جزائر یہاں کے مچھیروں کے ہیں، ہم آپ کو ان جزائر پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے، وفاق کو آرڈیننس واپس لینا پڑے گا، سندھ میں ایک طوفان اٹھ رہا ہے، آرڈیننس واپس نہیں لیتے تو ارکان اسمبلی کو کہتا ہوں سینیٹ میں اس آرڈیننس کو لات مار کر باہر کردیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ انہیں پتہ نہیں تھا آزاد کشمیر کے وزیراعظم پر غداری کے پرچے کٹے ہوئے ہیں، یہ کشمیر کا سفیر بننے کا دعویٰ کرتے تھے مگر یہ کلبھوشن کے وکیل بن گئے، یہ کشمیر کو بچانے کی بات کرتے تھے، اب کشمیر پر سودا کرلیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج پوری جمہوری قیادت ایک پیچ پر ہے ان سلیکٹڈ کو اور انھیں سیلکٹ کرنے والوں کو ہمارے پیج پر آنا پڑے گا، ورنہ ان سب کو جانا پڑے گا۔

تازہ ترین