• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جماعت اسلامی کا یکم نومبر سے حکومت مخالف تحریک شروع کرنیکا اعلان

لاہور(نمائندہ خصوصی) جماعت اسلامی نے یکم نومبر سے حکومت کے خلاف تحریک کا اعلان کردیا۔لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے اعلان کیا کہ عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے لائحہ عمل بنا رہے 23 اکتوبر کو شیڈول دینگے۔

یکم نومبر سے حکومت کے خلاف تحریک کا آغاز کیا جائے گا، اس حوالے سے 23 اکتوبر کو مرکزی ذمہ داران کے اجلاس میں تحریک کا مکمل شیڈول دیا جائے گا، جب کہ مہنگائی بے روز گاری اور حکومتی نااہلی کے خلاف تحریک کا آغاز خیبر پختونخواہ سے کیا جائے گا۔

سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ نااہل حکمرانوں نے ملک کے 22 کروڑ عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے، مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی عروج پر ہے، لوگ آٹے اور چینی کیلئے مارے مارے پھر رہے ہیں، لوگوں کو دو وقت تو کیا ایک وقت کا کھانا نہیں مل رہا۔

آج تک حکومت نے محض اعلانات ،دعوے اور وعدے کئے، حکومت میں کوئی اہلیت ہوتی تو وہ عوام کی مشکلات کو کم کرتی، نئے اور پرانے حکمرانوں کے درمیان لڑائی مفاد عامہ کیلئے نہیں اپنی باری کیلئے ہے، حکمرانوں کے رویے نے جمہوریت کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

تازہ ترین