• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری سندھ حکومت کی ہدایات پر نہیں ہوئی، سعید غنی


صوبائی وزیر برائے تعلیم سعید غنی کا کہنا ہے کہ کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری سندھ حکومت کی ہدایات پر نہیں ہوئی۔

سعید غنی جیونیوز کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کے دوران کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری سے متعلق کہا ہے کہ مزار قائد پر کیپٹن (ر) صفدر کی نعرے بازی کرنا نامناسب تھا، جس انداز میں کراچی پولیس نے گرفتاری کی وہ بھی قابل مذمت ہے۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ  کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری سندھ حکومت کے دباؤ پر نہیں ہوئی، ایف آئی آر شام 7 بجے درج نہیں ہوئی، وقت غلط لکھا گیا ہے، گرفتاری کا فیصلہ سندھ حکومت کو اعتماد میں لے کرناچاہیے تھا۔

صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ کیپٹن (ریٹائرڈ ) صفدر کی گرفتاری ریاستی دہشتگردی ہے، اگر گرفتاری کے لیے ہمیں کہا بھی جاتا تو نہیں کرتے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ پولیس کا یہ اقدام پی ڈی ایم کی جماعتوں میں خلیج پیدا کرنے کی سازش کا حصہ ہے، پی ڈی ایم میں خلیج پیدا کرنے کی سازش ناکام بنائیں گے۔


واضح رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مزار قائد پر اٹھکیلیاں، نعرےبازی ، غیرسنجیدہ طرز عمل اور خلاف قانون ہے، اس کی سزا ہونی چاہیئے۔

فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری سے متعلق ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ پولیس کاکیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کاعمل قانون کےاحترام کابیانیہ ہے۔

تازہ ترین