• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاناما لیکس: رضا ربانی نے تحقیقات سے انکار کر دیا

Razarabbani Refuse To Investigate Panama Leak
چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے وائٹ کالر کرائم میں مہارت درکار ہے، جو ان کے پاس نہیں، انہوں نے پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے پارلیمانی کمیٹی کا سربراہ بننے سے معذرت کرلی۔

چیئرمین سینیٹ آج پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات بھی کریں گے۔قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کی جانب سے پاناما لیکس تحقیقات کے لیے پارلیمانی کمیٹی کے سربراہی کے لیے چیئرمین سینیٹ کے نام کی تجویز پر ردعمل دیتے ہوئے چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا کہ خورشید شاہ کا شکرگزار ہوں ۔

انہوں نے پاناما لیکس تحقیقات کی پارلیمانی کمیٹی کی سربراہی کیلئے میرا نام تجویز کیا، میں پارلیمنٹ خصوصاً سینیٹ کے حقوق کا کسٹوڈین ہوں۔ کمیشن کی سربراہی کرنے سے مفادات کا تنازع پیدا ہوسکتا ہے، پاناما لیکس کی تحقیقات میں حقائق سے متعلق مشکل سوالات ہوں گے، جن کے جوابات حاصل کرنے کے لیے متعلقہ شعبے میں مہارت درکار ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی کے مؤثر ہونے کے حوالے سے میرا ایک نقطہ نظر ہے، اس وقت مناسب نہیں ہوگا کہ میں بطور چیئرمین سینیٹ اس کمیٹی میں شامل ہوں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ امید ہے کہ میرے بیان سے خورشید شاہ کے بیان کے بعد پیدا ہونے والی قیاس آرائیاں اور بیانات ختم ہوجائیں گے۔

چیئرمین سینیٹ آج پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات بھی کریں گے جس میں ملکی سیاسی صورتحال خصوصا پاناما لیکس سے متعلق امور پر بات چیت کی جائے گی۔
تازہ ترین